سیرت مسیح موعود علیہ السلام

by Other Authors

Page 274 of 665

سیرت مسیح موعود علیہ السلام — Page 274

سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام ۲۷۴ یہ الہامات " الرَّحَى تَدُورُ وَيَنْزِلُ الْقَضَاءُ سے شروع ہوتے ہیں۔ان ایام میں ہم اس كوسورة الرحی کہا کرتے تھے۔اور جس وقت یہ وحی الہی نازل ہوئی ہے حضرت سید فضل شاہ صاحب رضی اللہ عنہ آپ کی خدمت میں حاضر تھے اور آپ کے پاؤں دباتے تھے انہوں نے اس کیفیت اور نظارہ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ آپ پر غنودگی طاری ہوتی تھی اور تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد وحی الہی نازل ہوتی تھی اور آپ لکھواتے جاتے تھے۔مختصر یہ کہ آپ کی علالت عام طور پر کسی الہام کا پیش خیمہ ہوتی تھی اور جس قدر شدت سے بیماری کا حملہ ہوتا تھا اسی قدر عظیم الشان نشان نازل ہوتا تھا۔ان بیماریوں میں یہ بھی دیکھا گیا کہ بعض اوقات اللہ تعالیٰ نے بعض خاص علاج آپ کو بتا دیئے۔اور ادویات متشکل ہو کر سامنے آگئیں جیسا کہ ایک مرتبہ پیپر منٹ حاضر ہوا۔اور اس نے کہا کہ ” خاکسار پیپر منٹ“ اور اسی طرح بعض بیماریوں کا آپ کو خطرہ ہوا تو اللہ تعالیٰ نے آپ کو ان سے محفوظ رہنے کی بشارت دی۔آپ کی تیمارداری جس طرح آپ اپنی بیماری میں ایک سکون اور اطمینان کی حالت میں رہتے تھے اور اگر کوئی خدانخواستہ بیمار ہو جاتا تو آپ اس کے علاج اور تیمارداری میں اس طرح منہمک ہو جاتے کہ دیکھنے والے کو حیرت ہوتی تھی۔مگر آپ کا یہ انہاک اور مصروفیت إِيَّاكَ نَعْبُدُ کی ایک تفسیر ہوتی تھی اور جس قدر انسانی قدرت اور ہمت میں ہے آپ تمسک بالاسباب کر کے خدا تعالیٰ پر توکل کرتے اور آپ کی ساری توجہ اسی شافی الامراض کی طرف ہوتی تھی۔آپ خود ڈاکٹروں اور طبیبوں کو بھی ہمیشہ اسی قسم کا وعظ اور ہدایت فرماتے رہتے تھے۔آپ کی تیمارداری کے بعض واقعات میں رضا بالقضا کے عنوان کے نیچے لکھوں گا انشاء اللہ۔اس لئے یہاں تفصیل نہیں کروں گا۔تاہم بعض واقعات کا اظہار یہاں بھی کرتا ہوں۔