سیرۃ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم — Page v
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ عرض حال جلد اوّل آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سوانح عمری جو ہمارا آقا کے نام سے رسالہ ریویو آف ریـلـیـجـنـز قادیان کے اردو ایڈیشن میں ۱۹۱۹ء کے ابتدا سے شائع ہو رہی ہے اس وقت اس کا پہلا حصہ جو آپ کی مکی زندگی کے حالات پر مشتمل ہے بعد نظر ثانی کتابی صورت میں ہدیہ ناظرین کیا جاتا ہے۔میں نے اپنے مضمون میں صرف آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے سوانح تک اپنے آپ کو محدود نہیں رکھا بلکہ اس زمانہ کی عام تاریخ اور صحابہ کرام کے حالات پر بھی ہر مناسب موقع پر روشنی ڈالنے کی کوشش کی ہے۔گویا مضمون کے لحاظ سے اس کتاب کا نام در اصل تاریخ اسلام حصہ اوّل سمجھنا چاہئے۔میرا ارادہ ہے والله الموفق کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سوانح عمری کو تین حصوں میں تقسیم کروں۔پہلا حصہ وہ ہے جو بعض ابتدائی امور ، جغرافیہ عرب، بعثت نبوی کے وقت قبائل عرب کی تقسیم اور ان کی مذہبی ، تمدنی اور سیاسی حالت، تاریخ کعبه و مکه، تاریخ قریش ، آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے قبیلہ کے حالات ، آپ کی پیدائش و حالات زندگی تا بعثت ، دعوی نبوت واشاعت اسلام اور حالات زندگی بعد بعثت تا ہجرت تحریر کئے گئے ہیں۔یہ وہ حصہ ہے جو بعد نظر ثانی و مناسب تغیر و تبدل اب ہدیہ ناظرین کیا جاتا ہے۔دوسرا حصہ جو ابھی معرض تحریر میں ہے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی مدنی زندگی کے حالات اور اس زمانے کی اسلامی تاریخ پر مشتمل ہوگا۔اور تیسرا حصہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کے متعلق ہوگا انشاء اللہ تعالیٰ۔وهو الموفق