مسلمانوں کے سائنسی کارنامے — Page 2
حرف اول سائنس کی تاریخ میں مسلمانوں نے پانچ سوسال کے عرصے میں جو شاندار کارنامے سرانجام دئے ، ان کی مختصر تفصیل اس کتاب میں پیش کی جاری ہے۔سائنس پر کسی ایک قوم یا علاقے کی اجارہ داری نہیں رہی ہے بلکہ چینیوں ، ہندوؤں ، ایرانیوں، یونانیوں، مسلمانوں اور آج کے دور میں اہلِ یورپ و امریکہ نے اس میں برابر کا حصہ لیا ہے۔سائنس انسانیت کی مشترکہ میراث ہے جس میں مسلمانوں کا بڑا حصہ ہے۔یہ ہماری ذمے داری ہے کہ جس چیز سے انسانیت کو فائدہ پہنچتا ہے اس کے فروغ میں بھر پور حصہ لیں۔مسلمان حکماء واطبا اور اسلامی سائنسی دور کے مطالعے کا شوق مجھے میں سال قبل تہذیب الاخلاق میں اسلام اور سائنس پر ٹھوس علمی مضامین پڑھنے سے شروع ہوا۔اس کے بعد میں نے اس موضوع پر درجنوں کتابیں پڑھ ڈالیں۔پچھلے بیس سال میں راقم السطور نے جو کچھ مطالعے سے حاصل کیا اس کا ماحصل یہ کتاب ہے جو آپ کے ہاتھوں میں ہے۔دوسرے لف میں یہ کہہ لیں کہ یہ خریطہ علم میری زندگی کا نچوڑ ہے۔امید واثق ہے کہ یہ کتاب آپ کے ازدیاد علم کا باعث ہوگی کیونکہ اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کہ: روشنی کے قوانین کس نے دریافت کیسے؟ سب سے پہلے کس نے قوس و قزح کی سائنسی وجہ بیان کی تھی ؟ چیچک وخسرہ میں فرق سب سے پہلے کس نے بتلایا تھا ؟ لفظوں خورد بینی کیڑے یا مائیکروب (microbes) کا نظریہ سب سے پہلے کس نے پیش کیا تھا؟