سیلابِ رحمت — Page 118
سیلاب رحمت سلطان نصیر مل رہے تھے اور جس طرح آسمان سے مقبولیت کی ہوائیں چل رہی تھیں اس سے ہمارے دل ہمہ وقت شکر گزاری میں سجدہ ریز رہتے۔مجھے بشریٰ کی ایک بات یاد آتی ہے اکثر کہتی ابھی ہر چیز سنبھال کر رکھتی جائیں اور کام کرتی جائیں کبھی فرصت میں ماضی پر نظر ڈالیں گے تو خوش ہوں گے اور خوشی میں اللہ تعالیٰ کو لپٹ جائیں گے۔وہ تو بہت جلد جا کر اللہ تعالی کو لپٹ گئی اور خاکسار سنبھال کر رکھی ہوئی چیزوں کو دیکھنے کی فرصت کی تلاش میں رہی۔ہر دن ہمہ جہتی ذمہ داریوں کے ساتھ طلوع ہوتا ہے۔بشری کے بعد اللہ تعالی نے مسز ناصر ملک صاحبہ کو ایک مضبوط سہارا بنا دیا۔ہمارے کام چلتے رہے۔یہاں اشاعت کے معمول کے کاموں کی ایک جھلک دکھا دوں تاکہ زیادہ دعائیں شاملِ حال ہوں۔(اس میں گھر کے معمول کے کام شامل نہیں ہیں ) کسی تعلیم یافتہ خاتون کو آمادہ کرنا کہ وہ کسی موضوع پر تحقیق کر کے کتاب لکھیں انہیں موضوع کے انتخاب میں مشورہ دینا اور بتانا کہ کہاں کہاں سے مواد ملے گا۔مصنفین اور مرتبین کے تیار کئے ہوئے مسودات پہلے خود چیک کرنا اور ضروری ترتیب و اصلاح کے بعد مکرم ناظر صاحب اشاعت کو منظوری کے لئے بھیجنا۔ناظر صاحب کی طرف سے منظور ہو کر آنے والے مسودات کی ان کی ہدایات کے مطابق اصلاح کرنا۔کتابت یا کمپوز شدہ کاغذات کی پروف ریڈنگ کئی کئی مرتبہ کرنا۔کا تب صاحب کو مسلسل اگلا کام دینے کے لئے تیار رکھنا۔پبلشر سے کام کی رفتار کے بارے میں استفسار کرنا۔اصلاح کے باوجود غلطی نظر آنے پہ رونا۔اپنی تخلیقی کاوشوں کو جاری رکھنا۔خاص طور پر فرہنگ کی تیاری بہت عرقریزی کا کام ہے۔صدر صاحبہ سے اخراجات کے بلوں کی ادائیگی کی منظوری لینا۔سیلز سیکشن کے کاموں کا جائزہ لینا۔خطوط لکھنا اور ڈاک کا جواب دینا۔ہر کام کا اپ ٹو ڈیٹ حساب رکھنا۔رپورٹ لکھنا۔وغیرہ 118