سفر یورپ 1924ء — Page 426
۴۲۶ کا کام دیں گی۔ناشتہ اور کھانے کا انتظام دو دن کے لئے ہوٹل ہی میں کیا گیا تھا۔دو پہر کے کھانے کے بعد سے رات کے ایک حصہ گزر جانے تک حضور شہر کو دیکھتے اور شاپنگ وغیرہ کرتے رہے۔شام کے کھانے کے بعد پھر سیر کے لئے سمندر کے کنارے کنارے تشریف لے گئے اور دس بجے کے بعد واپس تشریف لا کر آرام فرمایا۔موزیق کا کام ، شال اور شیشے کے سامان خصوصاً وینس میں تیار ہوتے ہیں۔چمڑے پر سنہری کام بھی بہت عمدہ ہوتا ہے اور سیاح لوگ اکثر یہاں کے تحائف لے کر جاتے ہیں۔نرخ مقرر نہیں بلکہ سودا کرنا پڑتا ہے اور بعض اوقات گرتے گرتے نصف داموں پر چیز مل جاتی ہے۔آج کا دن قریباً تمام ہی دوستوں کا بڑی مصروفت میں گزرا اور قریباً تمام ہی دوست و مینس کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور اچھی رائے لے کر گھر کو آئے۔۲ نومبر ۱۹۲۴ء : صبح کی نماز دوستوں نے اپنے اپنے کمرہ میں ادا کی۔میں بھی نماز سے فارغ ہو کر نیچے آیا۔حضرت کے کمرہ سے قرآت کی آواز آئی۔اندر گھسا تو حضور جماعت کراتے تھے۔خان صاحب اور ڈاکٹر صاحب حضور کے مقتدی تھے تیسرا میں بھی شامل ہو گیا۔پہلے اکیلے پڑھی تھی اب حضرت اقدس کے ساتھ ادا کر لی۔نماز پڑھ کر نیچے سمندر کے کنارے کے پلیٹ فارم پر گیا۔شیخ صاحب مصری بھی آئے۔اِدھر اُدھر نظر اُٹھا کر دیکھا تو ڈور ایک بلند پہاڑ سا جہاز دکھائی دیا۔خیال کیا کہ پلسنا ہوگا۔لوگوں سے پوچھا دریافت کیا تو یقین ہو گیا کہ پلسنا ہے۔چلتے چلتے وہ ہمارے سامنے آ گیا اور آگے اپنے دفتر کی طرف چلا گیا۔حضرت کے حضور عرض کیا گیا۔فرمایا تو پھر ہمیں جلدی فارغ ہو جانا چاہئے یہ تو سویرے ہی آ گیا۔حکم دیا کہ مولوی عبدالرحیم صاحب درد کو میرے پاس بھیج دو چنانچہ ان کو حضور کی خدمت میں بھیجا گیا اور حضور ان کے واسطے ہدایات لکھنے میں مصروف ہو گئے۔ساڑھے سات بجے سے لے کر ۱۰ بجے تک قریب ہدایات ہی لکھتے اور ان کو سمجھاتے رہے۔وہ ہدایات یہ ہیں۔