سبیل الرّشاد (جلد دوم) — Page 396
396 سبیل الرشاد جلد دوم استعمال ہوا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو معجزات اور نشانات انسان کو اپنی طرف راہبری کرنے کے لئے دکھائے جاتے ہیں۔وہ معجزات ونشانات بھی آیت اللہ کہلاتی ہیں۔اور ہر دو قسم کی آیات کا علم رکھنے کے بعد، ان کی حقیقت سمجھ لینے کے بعد انسان اس بات پر مجبور ہوتا ہے کہ اُس سر چشمہ کو جس سے وہ نکلیں ، اُس ہستی کو جس نے انہیں پیدا کیا شناخت کرے اور صرف اُس ہستی پر تو کل اور بھروسہ رکھے۔اور مومن کی ، ان آیات میں، ساتویں یہی صفت بیان کی گئی ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ پر تو کل اور بھروسہ رکھتا ہے اور خدا کے سوا ہر شے کو لاشئے محض سمجھتا ہے۔نہ اپنے وجود کو کچھ سمجھتا ہے، نہ بڑے سے بڑے انسان پر تکیہ رکھتا ہے ، نہ دنیا کی ایجادات کو اپنی کامیابی کا ذریعہ سمجھتا ہے ، نہ دنیا کے اموال اس کے دل میں کوئی خوف یا جذب پیدا کرتے ہیں، نہ دنیا کی طاقتیں اسے اپنے رب کریم سے دور لے جانے میں کامیاب ہوتی ہیں۔تو سچے مومن کی ایک صفت یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ پر کامل تو کل رکھنے والا اور اسی سے سب کچھ پانے والا ہے۔کامل تو کل دو باتوں کا مطالبہ کرتا ہے اور اس کے نتیجہ میں مومن کی آٹھویں صفت یہ بیان ہوئی يُقِيمُونَ الصَّلوة کہ وہ حقوق اللہ پورے طور پر ادا کرنے والے ہوتے ہیں۔دل میں کھوٹ نہیں ہوتی ، شرک کی ملونی نہیں ہوتی ، غیر اللہ کی طرف کوئی رغبت نہیں ہوتی۔اور نویں صفت ان کی یہ ہے وَ مِمَّا رَزَقْنَهُمْ يُنْفِقُونَ کہ اللہ کی مخلوق کے سب حقوق ادا کرنے کے لئے ہر وقت وہ تیار رہتے ہیں۔جب ہم ان آیات پر غور کرتے ہیں اور جب ہم سچے مومنوں کی وہ صفات اپنے سامنے رکھتے ہیں جو یہاں بیان ہوئی ہیں تو ہمارے سامنے ہمارا ، جماعت احمدیہ کا اور اس کی ذیلی تنظیموں کا انصار اللہ خدام الاحمدیہ کا پروگرام آ جاتا ہے اور اسی کا اس وقت میں اعلان کرنا چاہتا ہوں۔اعلان سے قبل یہ بتا دینا چاہتا ہوں کہ ہماری جماعتی زندگی کے سو سال پورے ہونے میں قریباً دس سال باقی ہیں اور میرے اس پروگرام کا تعلق ان دس سالوں سے ہے۔نمبر 1۔علوم روحانی کا سیکھنا، اس کے لئے پروگرام یہ ہے کہ عمر کے لحاظ سے ہر بچہ قاعدہ، یسرنا القرآن پڑھنے والا ہو۔جب میں ہر بچہ کہتا ہوں تو میری مراد ہر احمدی بچہ سے ہے خواہ وہ شہر میں رہنے والا ہو خواہ وہ دیہات میں رہنے والا ہو خواہ وہ بڑی جماعتوں کا ایک طفل ہو خواہ وہ ایسے خاندان سے تعلق رکھتا ہو کہ جہاں صرف ایک ہی خاندان احمدی ہے۔جتنی جلد ممکن ہو سکے ہر بچے کو قاعدہ میسرنا القرآن پڑھا دیا جائے۔