تریاق القلوب — Page 272
روحانی خزائن جلد ۱۵ ۴۹ ۲۷۲ تریاق القلوب اسلام کے مخالف سرگروہوں کو بھی عام دعوت کر کے مجھے خطاب کرتا ہے کہ ان کو کہہ دے کہ اگر تم شک میں ہو۔ اور اُن برکات پر جو میرے پر نازل ہوئی ہیں تمہارا یقین نہیں ہے اور تم اپنے تئیں بہتر اور یا اپنے دین کو سچا سمجھتے ہو تو آؤ اس فیصلہ کے لئے ایسا کرو کہ اپنے مکان پر خدا تعالیٰ سے چاہو کہ کوئی ایسے نشان اور برکات تمہاری عزت ظاہر کرنے کے لئے دکھلا دے جن سے ثابت ہو کہ تمہیں جناب الہی میں مقام قرب ہے اور میں بھی اپنے مکان میں خدا تعالیٰ سے چاہوں گا کہ میری عزت اور فضیلت ظاہر کرنے کے لئے بالمقابل کوئی ایسے برکات اور نشان ظاہر کرے جن سے صریح ثابت ہو کہ مجھے جناب الہی میں مقام قرب حاصل ہے۔ اور پھر بعد اس کے عنقریب تمہیں معلوم ہو جائے گا کہ تمہاری یہ سب غلطیاں ہیں کہ تم میرے مقابل پر اپنے تئیں خدا کے فضل اور برکت اور تائید کا مورد سمجھتے ہو۔ اور پھر اس کے ساتھ کی عبارت میں یہ پیشگوئی کرتا ہے کہ یہ لوگ راستبازی کے رنگ میں مقابلہ کرنے سے عاجز آ کر او باشانہ طریق کو اختیار کریں گے اور ڈرانا اور گالیاں دینا اور ہتک کرنا اور افترا کرنا اور بہتان لگانا ان کا شیوہ ہوگا اور کوشش کریں گے کہ حکام کی طرف تم کھینچے جاؤ اور اپنی قوم کو ورغلا ئیں گے تا اُن میں سے کوئی تجھے قتل کر دے لیکن خدا تیرا محافظ ہوگا اور وہ اپنے تمام مکروں میں ناکام رہیں گے۔ اب منصف مزاج ناظرین ذرہ غور سے دیکھیں کہ یہ پیشگوئیاں اُس کتاب میں یعنی براہین احمدیہ میں درج ہیں جس کے شائع کرنے پر بھی بیس برس گزر گئے ۔ کیا یہ انسان کی طاقت ہے کہ اس قوت اور قدرت سے بھری ہوئی پیش خبریاں اس شجاعت کے ساتھ پیش از وقت چھاپ کر تمام قوموں میں شائع کرے۔ قریباً اٹھارہ برس سے ایک یہ پیشگوئی ہے الحمد لله الذي جعل لكم الصهر والنسب ۔ ترجمہ ۔ وہ خدا سچا خدا ہے جس نے تمہارا دامادی کا تعلق