تریاق القلوب — Page 172
روحانی خزائن جلد ۱۵ ۱۷۲ تریاق القلوب ضمیمه رساله تریاق القلوب چونکہ اس رسالہ میں ایک اہم مقصود جس کے لئے یہ رسالہ لکھا گیا ہے یہ ہے کہ راقم لھذا کو خدا تعالیٰ نے مسیح موعود کر کے بھیجا ہے۔ اس لئے نظیر کے طور پر مندرجہ ذیل نقشہ میں یہ دکھلایا گیا ہے کہ اس دعوے کی تائید میں وہ نشان جو مجھ سے صادر ہوئے ہیں وہ ایسے نہیں ہیں جن کا علم میرے خاص مریدوں تک ہی محدود ہو بلکہ اکثر ان کے ایسی عام شہادتوں سے ثابت ہیں جن کی رویت کے گواہ ہر ایک فرقہ کے مسلمان اور ہندو اور عیسائی ہیں ۔ یہ نقشہ گواہوں کا جو ذیل میں لکھا جاتا ہے یہ اُس نشان کے بارے میں ہے جو لیکھرام کی نسبت ظہور میں آیا ۔ چونکہ یہ نشان در حقیقت ایک عظیم الشان نشان تھا جس کے ساتھ میعاد بتلائی گئی تھی ۔ وقت بتلایا گیا تھا۔ دن بتلایا گیا تھا ۔ اور صورت موت بتلائی گئی تھی ۔ اور یہ بھی بتلایا گیا تھا کہ یہ دعا ہے جو قبول ہوئی بلکہ سرسید احمد خاں صاحب مرحوم کو پیشگوئی کے ظہور سے پہلے ایک چھپے ہوئے اشتہار کے ذریعہ سے لکھا گیا تھا کہ آپ کو جو دعا قبول ہونے میں شک ہے لیکھرام کی پیشگوئی کا مقدمہ آپ کے سمجھنے کے لئے کافی ہوگا کہ کس طرح خدا تعالیٰ دعاؤں کو قبول کرتا ہے ۔ ان تمام وجوہ کے لحاظ سے اس پیشگوئی کا ایک دنیا کو انتظار تھا۔ اور اس پیشگوئی میں چھ برس کی میعاد تھی ۔ اور یہ عجیب نکتہ ہے کہ لیکھرام کی موت شنبہ کے دن واقع ہوئی ۔ اور چونکہ چھ سال خدا کی کتابوں میں چھ دن سے مشابہ ہوتے ہیں اس لئے ساتواں دن جو شنبہ کا دن ہے اس پیشگوئی کے پورا ہونے کے لئے بہت موزوں تھا۔ اور وہ نقشہ اسمائے تصدیق کنندگان مع اُن کے بیانات کے ذیل میں ہے۔