نورالحق حصہ اوّل

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page xix of 512

نورالحق حصہ اوّل — Page xix

نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم تعارف (از حضرت مولانا جلال الدین صاحب شمس) روحانی خزائن کی یہ آٹھویں جلد ہے۔جو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ و السلام کی کتب نور الحق ہر دو حصہ اور اتمام الحجۃ اور سرالخلافۃ پر مشتمل ہے۔یہ چاروں کتابیں ۱۸۹۴ء کی تصنیف ہیں۔نور الحق حصّہ اوّل کتاب نور الحق حصّہ اوّل جو فروری ۱۸۹۴ء میں شائع ہوئی۔فصیح و بلیغ مقفّٰی و مسجّع عربی زبان میں ہے۔اور نظم و نثر پر مشتمل ہے۔اور اﷲ تعالیٰ کی خاص تائید سے لکھی گئی ہے۔اِس کتاب کی تالیف کا باعث یہ ہو اکہ جنگ مقدس میں جس کی تفصیل ہم روحانی خزائن کی جلد ششم کے پیش لفظ میں لکھ چکے ہیں عیسائی فریق کو جو شکست فاش ہوئی اس نے عیسائیوں کی کمر توڑ دی۔اس سے نہ صرف ہندوستانی پادری بوکھلا اُٹھے بلکہ یورپین مشنری سوسائٹیز بھی جو ہندوستان میں مشنری بھیجتی تھیں اس سے فکر مند ہوئیں کہ آئندہ اسلام کا مقابلہ کیونکر ہو گا۔بہرحال اس شکست کی خفت اور ندامت کو مٹانے کے لئے مرتدین از اسلام پادریوں میں سے پادری عماد الدین نے ایک کتاب ’’توزین الاقوال‘‘ لکھی جو نہایت دلآزار اور اشتعال انگیز تھی۔چنانچہ ہندو اخبارات ’’رائے ہند‘‘و ’’ پرکاش ‘‘ امرتسر و ’’آفتاب پنجاب‘‘ اور عیسائی پرچہ ’’شمس الاخبار‘‘ لکھنؤ نے اس کے متعلق لکھا کہ یہ حددرجہ اشتعال انگیز اور شرر خیز ہے۔اور ۱۸۵۷ء کے مانند اگر پھر غدر ہوا تو اس شخص کی بد زبانیوں اور بے ہودگیوں سے ہو گا۔( جلد ھٰذا صفحہ ۱۴۰ و ۱۴۱)