کشف الغطاء

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 223 of 550

کشف الغطاء — Page 223

روحانی خزائن جلد ۱۴ ۲۲۳ کشف الغطاء جس کو محمد حسین نے اس غرض سے انگریزی میں شائع کیا ہے کہ تا گورنمنٹ سے زمین لینے کے لئے اس کو ایک ذریعہ بناوے مسلمانوں اور مولویوں کو معلوم ہو گیا ہے کہ یہ شخص خود ان کے اجماعی عقیدہ کا مخالف ہے۔ کیونکہ وہ اس رسالہ میں مہدی موعود کے آنے سے قطعی منکر ہے جس کی تمام مسلمانوں کو انتظار ہے جو ان کے خیال کے موافق حضرت فاطمہ کی اولاد میں سے پیدا ہوگا اور مسلمانوں کا خلیفہ ہوگا اور نیز ان کے مذہب کا پیشوا اور دوسرے فرقوں کے مقابل پر مذہبی لڑائیاں کرے گا اور حضرت عیسی علیہ السلام اس کی مدد اور تائید کے لئے آسمان سے اتریں گے اور ان دونوں کا ایک ہی مقصد ہوگا اور وہ یہ کہ تلوار سے دین کو پھیلاویں گے۔ اور اب مولوی محمد حسین کے نے ایسے مہدی کے آنے سے صاف انکار کر دیا ہے اور اس انکار سے نہ صرف وہ مہدی کے وجود کا منکر ہوا بلکہ ایسے مسیح سے بھی انکار کرنا پڑا جو اس مہدی کی تائید کے لئے آسمان سے اترے گا اور دونوں یا ہم مل کر مخالفین اسلام سے لڑائیاں کریں گے۔ اور یہ وہی عقیدہ ہے جس کی وجہ سے محمد حسین نے مجھے دجال اور ملحد ٹھہرایا تھا اور اب تک مسلمانوں کو یہی دھوکا دے رہا تھا کہ وہ اس عقیدہ میں ان سے اتفاق رکھتا ہے اور اب یہ پردہ کھل گیا کہ وہ دراصل میرے عقیدہ سے اتفاق رکھتا ہے۔ یعنی ایسے مہدی اور ایسے مسیح کے وجود سے انکاری ہے اس لئے مسلمانوں کی نظر میں اور ان کے تمام علماء کی نظر میں ملحد اور دجال ہو گیا۔ سو آج پیشگوئی جزاء سيئة بمثلها اس پر پوری ہوگئی کیونکہ اس کے یہی معنی ہیں کہ فریق ظالم کو اُسی بدی کی مانند سزا ہو گی جو اس نے اپنے فعل سے فریق مظلوم کو پہنچائی۔ رہی یہ بات کہ اس نے مجھے گورنمنٹ انگریزی کا باغی قرار دیا۔ سوخدا تعالیٰ کے فضل سے اُمید رکھتا ہوں کہ عنقریب گورنمنٹ پر بھی یہ بات کھل جائے گی کہ ہم دونوں میں سے کس کی باغیانہ کارروائیاں ہیں۔ ابھی سلطان روم کے ذکر میں اس نے میرے پر حملہ کر کے اپنے رسالہ اشاعۃ السنہ نمبر ۳ جلد ۱۸ صفحہ ۹۸ ۹۹ ۱۰۰۰ میں ایک خطر ناک اور باغیانہ مضمون لکھا ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ سلطان روم کو خلیفہ برحق سمجھنا چاہیے اور اُس کو