تفسیر کبیر (جلد ۹) — Page 388
نکلا۔اور الٰہی تصرف کے ماتحت فرعون او راس کے درباریوں نے بھی دیکھ لیا۔مگر چونکہ وہ روحانی علوم سے بے بہرہ تھے انہوں نے اتنے بڑے نشان کو دیکھ کر بھی موسیٰ ؑ کی عظمت اور اس کے تقدس کو نہ پہچانا اور یہ خیال کرلیا کہ موسیٰ ؑ نے اپنے جادو کے زور سے ایسا کرلیاہے بہرحال موسیٰ ؑ کے ہاتھ پرخدا تعالیٰ نے اپنے جلا ل او رجمال کااظہار کیااور سانپ کی شکل میں اسے انذاری اور یدبیضاء کی شکل میں تبشیری نشان دکھایا۔مگر بائیبل نے عصا کاسانپ بن جاناتوتسلیم کیاہے اگرچہ وہ ا س نشان کوموسیٰ ؑ کی طرف نہیں بلکہ ہارون ؑ کی طر ف منسوب کرتی ہے مگرموسیٰ ؑ کے دربار میں یدبیضاء والے معجزہ کے دکھائے جانے کا اس نے ذکرتک نہیںکیا اور یہ اس کی ایک بہت بڑی فروگذاشت تھی جس کا قرآن کریم نے ازالہ کیا۔بلکہ خو د بائیبل کی ایک اندرونی شہادت سے بھی ثابت ہے کہ فرعون کے دربار میں یدبیضاء والا نشان بھی ضرور دکھایا گیا تھا۔اور وہ شہادت یہ ہے کہ جب موسیٰ ؑ کو خدا تعالیٰ نے فرعون کی طرف جانے کاحکم دیا تو اس وقت بائیبل بھی تسلیم کرتی ہے کہ ’’ خداوند نے موسیٰ سے کہا کہ یہ تیرے ہاتھ میں کیا ہے۔اُ س نے کہا۔لاٹھی ! پھر اُس نے کہا کہ اِسے زمین پر ڈال دے اُس نے اسے زمین پر ڈالا تو وہ سانپ بن گئی اور موسیٰ اُس کے سامنے سے بھاگا۔‘‘ (خروج باب ۴ آیت ۲,۳) اِسی طرح لکھا کہ ’’پھر خداوند نے اُسے یہ بھی کہا کہ تو اپنا ہاتھ اپنے سینہ پر رکھ کر ڈھانک لے۔اُس نے اپنا ہاتھ اپنے سینہ پر رکھ کر اُسے ڈھانک لیا اور جب اُس نے اسے نکال کردیکھا۔تو اُس کا ہاتھ کوڑھ سے برف کی مانند سفید تھا۔(خروج باب۴آیت ۶) اس حوالہ میں اوّل تو حضرت موسیٰ ؑکے ہاتھ کی سفیدی کوڑھ کی طرف منسوب کی گئی ہے جو ایک نہایت ہی شرمناک بات ہے موسٰی خدا تعالیٰ کا ایک مقدس نبی تھا۔اور وہ مقام جہاں اس وقت موسیٰ ؑخدا تعالیٰ سے ہمکلام ہوا تجلیاتِ الٰہیہ کا مرکز تھا۔ایسے مقدس مقا م پرموسیٰ ؑجیسے مقدس نبی سے خدا تعالیٰ کا ہمکلام ہونا تو ایک بہت بڑا انعام تھا اور وہ الٰہی برکات اور اس کے فیوض کا وقت تھا۔ایسے بابرکت وقت میں خدا تعالیٰ کا یہ عذاب کیسے نازل ہوسکتا تھا کہ موسیٰ ؑ کے ہاتھ کو کوڑھ ہوجاتا۔یقیناً موسیٰ ؑ کے ہاتھ کو کوڑھ نہیںہوا۔بلکہ کسی بدبخت یہودی کادل روحانی کوڑھ کے مرض میں مبتلا ہوا اور اس نے یہ عیب حضرت موسی علیہ السلام کی طرف منسوب کردیا۔یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم نے اس کا ذکر کرتے ہوئے مِنْ غَیْرِ سُوْٓئٍ (طٰہٰ:۲۳)کے الفاظ بیان فرمائے ہیں کہ ہاتھ کی سفیدی کسی بیماری کا