تفسیر کبیر (جلد ۸)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 72 of 723

تفسیر کبیر (جلد ۸) — Page 72

صاف تھی۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ہم نے دائود ؑ کے لئے پہاڑوں کو مسخر کردیا جو تسبیح کرتے تھے اب ہم دیکھتے ہیںکہ کیاایسے قصوں کی ضرورت ہے۔حضرت دائود علیہ السلام کے متعلق اگر خدا نے یہ کہا ہے کہ ہم نے اس کے لئے پہاڑ مسخر کردیئے تو اللہ تعالیٰ ہمارے متعلق بھی قرآن کریم میں فرماتا ہے کہ اَللّٰهُ الَّذِيْ سَخَّرَ لَكُمُ الْبَحْرَ لِتَجْرِيَ الْفُلْكُ فِيْهِ بِاَمْرِهٖ وَ لِتَبْتَغُوْا مِنْ فَضْلِهٖ وَ لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُوْنَ۔وَ سَخَّرَ لَكُمْ مَّا فِي السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِي الْاَرْضِ جَمِيْعًا مِّنْهُ١ؕ اِنَّ فِيْ ذٰلِكَ لَاٰيٰتٍ لِّقَوْمٍ يَّتَفَكَّرُوْنَ۠(الجاثیۃ:۱۳،۱۴) فرماتا ہے اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے والے مومنو اور اے کافرو اور اے منافقو !ہم نے تم میںسے ہرایک کے لئے سمندر مسخر کردئیے ہیں جس میں کشتیاں اس کے حکم سے چلتی ہیں تاکہ تم خدا کا فضل تلاش کرو اور صرف سمندر ہی نہیں آسمان اور زمین میںجو کچھ ہے وہ بھی ہم نے تمہارے لئے مسخر کردیا ہے او راس میں غور وفکر کرنے والوں کے لئے بڑے بڑے نشانات ہیںاب اس آیت سے حضرت دائود علیہ السلام والی آیت بالکل حل ہوجاتی ہے۔کیونکہ اس آیت میںاللہ تعالیٰ نے یہ بتایا ہے کہ زمین وآسمان میںجس قدر چیزیں ہیںخواہ دریاہیں یاپہاڑ سب انسان کے لئے مسخر ہیں اب یہ عجیب بات ہے کہ پہاڑ میرے لئے بھی مسخر ہو ںمگر میرے ساتھ ہمالیہ کی ایک اینٹ بھی نہ چلے اور دائودؑ کے ساتھ پہاڑ کاپہاڑ چلنے لگ جائے اگر دائودؑ کے ساتھ واقعات ہوئے ہیںتو ہمارے ساتھ بھی ہونے چاہئیں اور اگر ہمارے ساتھ نہیں ہوتے تو صاف پتہ لگ گیاکہ حضرت دائود ؑ کے ساتھ بھی ایسانہیں ہوتا تھا۔اب رہا سوال تسبیح کا کوئی کہہ سکتاہے کہ قرآن میںتولکھاہے پہاڑ اور پرندے حضرت دائود ؑ کے ساتھ تسبیح کیا کرتے تھے۔کیا اب بھی یہ چیزیں تسبیح کرتی ہیں ؟ سو اس کا جواب اللہ تعالیٰ نے سورئہ جمعہ میںدے دیا ہے۔فرماتا ہے يُسَبِّحُ لِلّٰهِ مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِي الْاَرْضِ الْمَلِكِ الْقُدُّوْسِ الْعَزِيْزِ الْحَكِيْمِ(الجمعۃ:۲)یعنی سورج بھی تسبیح کررہا ہے چاند بھی تسبیح کررہا ہے ستارے بھی تسبیح کررہے ہیں اسی طرح مَا فِي السَّمٰوٰتِ وَ مَا فِي الْاَرْضِ جو کچھ آسمانوں اور زمین میںہے سب تسبیح کررہے ہیں۔درخت بھی تسبیح کررہے ہیں اس کے پتے بھی تسبیح کررہے ہیں۔آم بھی تسبیح کررہا ہے۔کیلا بھی تسبیح کر رہاہے۔بلکہ کیلے کاچھلکا جو ہم اتار کر پھینک دیتے ہیں وہ بھی تسبیح کررہا ہے۔روٹی بھی تسبیح کررہی ہے تھالی بھی تسبیح کررہی ہے۔جب تم چائے پیتے ہو تمہارے ہونٹ بھی تسبیح کررہے ہوتے ہیں۔چائے بھی تسبیح کررہی ہوتی ہے۔مصری یا کھانڈبھی تسبیح کررہی ہوتی ہے۔پیالی بھی تسبیح کررہی ہوتی ہے پرچ بھی تسبیح کررہی ہوتی ہے۔اسی طرح مکان بھی اور چھت بھی اور دیواریں بھی اور دروازے بھی اسی طرح وہ بستر جس پر تم لیٹتے ہو وہ بھی بستر کی چادر اور توشک اور رضائی بھی سب سبحان اللہ سبحان اللہ کہہ رہی ہوتی ہیں اور جب ہرچیز سبحان اللہ کہہ رہی