تفسیر کبیر (جلد ۸)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 466 of 723

تفسیر کبیر (جلد ۸) — Page 466

حالات اور اُن کی کمزوریوں کو خوب جانتا ہے اس کے دل میں ایسی ایمانی قوت پیدا کر دےگا جس کے نتیجہ میں وہ شیطانی حملوں سے محفوظ ہو جائےگا اور اسے طہارت اور پاکیزگی میسر آجائےگی۔کہا جاتا ہے کہ ایک بزرگ تھے جن کے پاس اُن کا ایک شاگرد کافی عرصہ رہا اور تعلیم حاصل کرتا رہا۔جب وہ تعلیم سے فارغ ہو کر اپنے گھر جانے لگا تو اُس بزرگ نے اُس سے دریافت کیا کہ میاں تم اپنے گھر جا رہے ہو کیا تمہارے ملک میں شیطان بھی ہوتا ہے ؟ وہ یہ سوال سن کر حیران رہ گیا۔اور اُس نے کہا شیطان بھلا کہاں نہیں ہوتا ہر ملک میں شیطان ہوتا ہے اور جہاں میں جا رہا ہوں وہاں بھی شیطان موجود ہے۔آپ نے فرمایا اچھا اگر وہاں شیطان ہے تو پھر جو کچھ تم نے میرے پاس رہ کر علم حاصل کیا ہے جب اس پر عمل کرنے لگو گے تو لازماً شیطان تمہارے رستہ میں روک بن کر حائل ہوگا۔ایسی حالت میں تم کیا کرو گے ؟ وہ کہنے لگا میں شیطان کا مقابلہ کروںگا۔وہ بزرگ کہنے لگے بہت اچھا۔تم نے شیطان کا مقابلہ کیا اور وہ تمہارے دفاع کی تاب نہ لاکر بھاگ گیا۔لیکن جب پھر تم عمل کی طرف متوجہ ہونے لگے اور خدا تعالیٰ کے قرب کے حصول کے رستوں پر تم نے چلنا شروع کیا اور پھر شیطان پیچھے سے آگیا اور اُس نے تمہیں پکڑ لیا اور تمہیں آگے بڑھنے سے اُس نے روک لیا تو پھر تم کیا کرو گے ؟ وہ کہنے لگا میں پھر شیطان کا مقابلہ کروںگا۔اور اُس سے پیچھا چھڑا کر اللہ تعالیٰ کے قرب کے حصول کی جدوجہد میں مشغول ہو جائوںگا۔انہوں نے کہا بہت اچھا میں نے مان لیا کہ تمہارے مقابلہ کے نتیجہ میں شیطان اس دفعہ بھاگ گیا اور تم جیت گئے لیکن جب پھر تم اللہ تعالیٰ کے حضور پہنچنے کے لئے جدوجہد کرنے لگے اور اپنی اصلاح کی طرف متوجہ ہوئے اور خدا تعالیٰ کے قرب کے حصول کے ذرائع اختیار کرنے لگے اور تم نے شیطان کی طرف سے پیٹھ پھیر کر اللہ تعالیٰ کی طرف رُخ کیا۔تو پھر شیطان آگیا اور اُس نے تمہیں پکڑ لیا تو پھر کیا گرو گے ؟ شاگرد حیران رہ گیا اور وہ کہنے لگا مجھے تو پتہ نہیں لگتا آپ ہی فرمائیں کہ مجھے ایسی حالت میں کیا کرنا چاہیے ؟ وہ فرمانے لگے۔اچھا یہ بتائو کہ اگر تم اپنے کسی دوست سے ملنے جائو جس نے اپنے مکان کی حفاظت کے لئے ایک بڑا سا مضبوط کُتّا رکھا ہوا ہو۔اور جب تم اپنے دوست کے مکان میں داخل ہونے لگو تو وہ کتا آئے اور تمہاری ایڑی پکڑ لے تو اُس وقت کیا کرو گے۔شاگرد کہنے لگا میں کُتّے کا مقابلہ کروںگا اور اُسے مار وںگا۔اگر میرے پاس سوٹی ہوگی تو میں اسے سوٹی سے ماروں گا اور اگر پتھر قریب ہو گا تو اُسے پتھر سے مار وںگا۔انہوں نے کہا مان لیا کہ تم نے کتے کو سوٹی ماری یا پتھر مارا او ر وہ بھاگ گیا لیکن جب پھر تم نے مکان میں داخل ہونے کی کوشش کی اور کتے کی طرف سے پیٹھ پھیری تو وہ پھر آگیا اور اُس نے تمہاری ایڑی پکڑ لی تو اُس وقت کیا کرو گے ؟ وہ کہنے لگا میں اُسے پھر ماروں گا اور اُسے ہٹا کر مکان کے اندر