تفسیر کبیر (جلد ۸)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 300 of 723

تفسیر کبیر (جلد ۸) — Page 300

ابواب الفتن باب بدء الاسلام غریباً)۔پھر فرمایا کہ اُس زمانہ میں عورتیں زیادہ ہو جائیں گی اور تجارتی کاروبار میں سے اشیاء فروخت کرنے کاکام عورتوں کے سپرد کر دیا جائےگا اورعورتوں کے لباس ایسے ہوںگے کہ اُن کے جسم کا وہ حصّہ جسے پہلے لوگ بھی پردہ کے قابل سمجھتے تھے ننگا نظر آئےگا(مسند احمد بن حنبل مسند عبد اللہ بن مسعودؓ و عبد اللہ بن عمروؓ)۔پھر یہیں تک بس نہیں بلکہ یہ بھی بتایا کہ آنے والا موعود مشرق سے ظاہر ہوگا۔اس کے زمانہ میں کئی قسم کی بیماریاں پھیلیں گی(ابو داؤد کتاب الملاحم باب خروج الدجال و ابن ماجہ ابواب الفتن باب دآبة الارض) اور سورج اور چاند دونوں تاریک ہوجائیں گے۔یعنی رمضان کے مہینہ میں سورج کو اُس کے گرہن کی تاریخوں میں سے دوسری کو اور چاند کو اُس کے گرہن کی تاریخوں میں سے پہلی تاریخ کو گرہن لگے گا اور اس علامت پر اتنازور دیا گیا تھا کہ کہا گیا تھا کہ یہ علامت پہلے کسی مدعیٔ مہدویت کے لئے بطور نشان مقرر نہیں کی گئی (دارقطنی کتاب العیدین باب صفة صلاة الکسوف و الخسوف و ھیئتھما) ان تمام پیشگوئیوں پر اگر بحیثیت مجموعی نظر ڈالی جائے تو سوائے موجودہ زمانہ کے اور کسی زمانہ پر چسپاں نہیں ہوتیںاور سوائے بانیٔ سلسلہ احمدیہ کے جنہوں نے مسیحیت اور مہدویت کا دعویٰ کیا اور جن کے زمانہ میں یہ تمام پیشگوئیاںپوری ہوئیں اور کوئی وجود ان پیشگوئیوں کا مورد نظر نہیں آتا۔پس یہی وہ زمانہ ہے جس کی خبر قرآن کریم اوراحادیث اور انبیائے سابقین کے کلام میں پائی جاتی تھی۔اور بانیٔ سلسلہ احمدیہ ہی وہ موعود ہیں جن کی انتظار میں صدیوں سے لوگ چشم براہ تھے۔آپ خود فرماتے ہیں۔’’ وہ کام جس کے لئے خدا نے مجھے مامور فرمایا ہے وہ یہ ہے کہ خدا میں اور اُس کی مخلوق کے رشتہ میں جو کدورت واقع ہوگئی ہے اُس کو دور کرکے محبت اور اخلاص کے تعلق کو دوبارہ قائم کروں اور سچّائی کے اظہار سے مذہبی جنگوں کا خاتمہ کرکے صلح کی بنیاد ڈالوں اور وہ دینی سچائیاں جو دنیا کی آنکھ سے مخفی ہوگئی ہیں اُن کو ظاہر کردوں اور وہ روحانیت جو نفسانی تاریکیوں کے نیچے دب گئی ہے اس کا نمونہ دکھاؤں اور خدا کی طاقتیں جو انسان کے اندر داخل ہو کر توجہ یا دُعا کے ذریعہ سے نمودار ہوتی ہیں حال کے ذریعہ سے نہ محض مقال سے اُن کی کیفیت بیان کروں اور سب سے زیادہ یہ کہ وہ خالص اور چمکتی ہوئی توحید جو ہر ایک قسم کی شرک کی آمیزش سے خالی ہے جو اب نابود ہو چکی ہے اُس کا دوبارہ قوم میں دائمی پودہ لگادوں۔اور یہ سب کچھ میری قوت سے نہیں ہوگا۔بلکہ اُس خدا کی طاقت سے ہوگا جو آسمان اور زمین کا خدا ہے۔‘‘ (لیکچر لاہور، روحانی خزائن جلد ۲۰ صفحہ ۱۸۰) سو خدا نے وَ اِنَّا عَلٰى ذَهَابٍۭ بِهٖ لَقٰدِرُوْنَ میں صرف تنزلِ اسلام کی ہی خبر نہیں دی تھی بلکہ یہ بھی بتایا تھا کہ اس