تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 540
(خروج باب ۱۶ آیت ۲۱ و ۳۱ وگنتی باب ۱۱ آیت ۷ تا ۱۰ ) یہ چیز سبت کے دن نہیںگرتی تھی اور اگر لوگ جمع کرتے تھے تو سڑجاتی تھی۔سوائے اس کے جوسبت کے دن کے لئے جمع رکھی جاتی تھی۔یہ من برابر چالیس سال تک بنی اسرائیل پر نازل ہوتا رہا (خروج باب ۱۶ آیت ۳۵ ) اور اس وقت بند ہوا جب انہوں نے موعودہ زمین میں قدم رکھا اور وہاں کا دانہ کھایا (یشوع باب۵آیت ۱۲) اب ہم دیکھتے ہیں کہ کیا کوئی ایسی چیز ہے جوبائیبل کی بیان کردہ صفات کے مطابق ہو اور سینا مقام میں پائی جاتی ہو۔اس سوال کا جواب یہ ہے کہ اگر معجزانہ امور کو نظر انداز کردیں تو ہمیںمعلوم ہوتاہے کہ فی الواقعہ ایک ایسی چیز سینا کے علاقہ میں پائی جاتی ہے جو شبنم کے ساتھ ظاہر ہوتی ہے اور دھوپ کی گرمی میںپگل جاتی ہے اور تیل کا سا اس کا مزہ ہوتاہے اور سفید رنگ کی ہوتی ہے جس کی ایک قسم کوہمارے ملک میں شیر خشت کہتے ہیں۔اور دوسری کو ترنجبین اور ہندی میں اسے یورس شرط کڑا یعنی جوانسہ کی شکر کہتے ہیںکیونکہ ہندوستان میں یہ چیز جو انسے کے درخت سے نکالی جاتی ہے(کتاب المفردات خواص الادویہ زیر لفظ Manna)۔لاطینی میں اسے منّا کہتے ہیںاور اس چیز کی ماہیت پوری طرح طبی کتب میں بھی درج ہے اور انسائیکلوپیڈیا برٹینکا میں بھی بیان ہے۔یوروپین سیاحوں نے شہادت دی ہے کہ اب تک اس علاقہ میںمن ملتاہے۔گو وہ شبنم کے ساتھ نہیںگرتا۔بلکہ ٹیمر کس گیلیگا نامی درخت کا رس ہوتاہے جس کی چھال کو جب ایک کیڑا چھید تاہے تو اس سے یہ رس ٹپکتاہے۔بغیر کیڑے کے انسانی طریقوںسے درخت کی چھال میںشگاف کرنے سے بھی یہ رس گر کر جم جاتاہے۔اور مختلف ممالک میں اس درخت سے مختلف طریقوںسے اس کو جمع کیا جاتاہے۔سسلی اور خراسان کا من مشہور ہے۔ہندوستان میں بھی جوانسہ کے درخت سے وید من بناتے ہیں۔مصر سے مصنوعی من بناہوا ٓتاہے لیکن اطباء اسے پہچان لیتے ہیں برنارڈٹ جرمن سیاح کا بیان ہے کہ سینا میں موجود ہ درختوں کی تعداد کا اندازہ لگاتے ہوئے کہا جاسکتاہے کہ سالانہ اڑھائی تین سو سیر تک من تیار ہو سکتا ہے(انسائیکلوپیڈیا برٹینیکا زیر لفظ Manna) مگر خیال کیا جاتاہے کہ پہلے زمانہ میںجنگل زیادہ وسیع ہوتا تھا اور اس سے بہت زیادہ من تیار ہوسکتا تھا۔بائیبل میں بنی اسرائیل کی جو تعداد لکھی ہے اس کے مطابق انہیں روزانہ چھبیس ہزار سات سو پچاس (۲۶۷۵۰)منّ کے قریب من کی ضرورت ہوتی ہوگی۔اور سالانہ ایک کروڑ من کے قریب لیکن اڑہائی تین سو سیر سالانہ جواب وہاں پیدا ہوتاہے اور ایک کروڑ من جس کی انہیںضرورت ہوتی تھی ان دونوں اندازوں میں اس قدر فرق ہے کہ خواہ قوت واہمہ کو کتنا ہی آزاد چھوڑدیا جائے خیال بھی نہیںکیا جاسکتاکہ کسی زمانہ میں اس علاقہ میں اس قدرجنگل تھاکہ ایک کروڑ من، مَن پیدا ہو جاتاتھا خصوصاً جب ہم اس امر کو مد نظر رکھیں