تفسیر کبیر (جلد ۷)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 482 of 658

تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 482

صلی اللہ علیہ وسلم خود کامل قوائے انسانی کے ظہور تھے اور یہی وہ خصوصیت ہے جس کی طرف طٰہٰ میںاشارہ کیاگیا ہے۔مَاۤ اَنْزَلْنَا عَلَيْكَ الْقُرْاٰنَ لِتَشْقٰۤىۙ۰۰۳ ہم نے تجھ پر(یہ)قرآن اس لئے نازل نہیںکیا کہ تو دکھ میںپڑجائے۔حلّ لُغَات۔تشقیٰ شَقِیَ سے مضارع واحد مخاطب کا صیغہ ہے اور شَقِیَ الرَّجُلُ کے معنے ہیں کَانَ شَقِیًّاوہ شقی ہوگیادراصل شقاوة کالفظ سعادة کے مخالف معنے ظاہرکرنے کے لئے بولا جاتاہے۔(اقرب)اور سعادۃکے معنے ہیںمُعَاوَنَۃُ الْاُمُوْرِ الْإِلٰھِیَّةِ لِلْاِنْسَانِ عَلٰی نَیْلِ الْخَیْرِ بھلائی اوربرکت حاصل کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے پیدا کردہ اسباب کی امداد (مفردات ) پھر مفردات میں شقاء کے معنے کرتے ہوئے امام راغب ؒ لکھتے ہیں قَالَ بَعْضُہُمْ قَدْ یُوْضَعُ الشِقَاء مَوْضَعَ التَّعَبِ یعنی بعض اہل زبان کہتے ہیں کہ تھکان اور تکلیف کے معنوں میںبھی شقاوۃ کا لفظ استعمال ہوتاہے۔پس لِتَشْقٰۤىکے معنے ہوںگے (۱)تجھ کو تھکان اور تکلیف لاحق ہو۔(۲) تو اپنے مقصد کے حصول میں خدا تعالیٰ کے پیداکردہ اسباب کی امداد سے محروم رہے۔تفسیر۔یہ آیت اسی مضمون کی تصدیق کرتی ہے جو سورئہ مریم میںبیان کیاگیا تھا کہ قرآن کو اللہ تعالیٰ نے آسان کرکے اتاراہے تاکہ متقیوں کے لئے بشارت ہو اور مسیحی قوم کے اس عقیدہ کی تردید کی گئی تھی کہ شریعت لعنت ہے۔اب فرماتا ہے کہ قرآن کانزول اس لئے نہیںکہ تو مشقت میں پڑے بلکہ اس لئے ہے کہ تجھ کو تیر ے فرائض یاد کرائے جائیںاور جوشریعت انسان کو اس کی ذمہ واری یاد کراتی ہے وہ لعنت نہیںکہلا سکتی وہ تو ایک اچھا ساتھی ہے جو وقت پر انسان کو صحیح طریقہ بتاتا رہتاہے پس مَاۤ اَنْزَلْنَا عَلَيْكَ الْقُرْاٰنَ لِتَشْقٰۤى میں بتایا گیا ہے کہ قرآن کریم میں جتنی تعلیم نازل ہوئی ہے وہ انسان کے لئے رحمت اور برکت کا موجب ہے اس کی کوئی تعلیم ایسی نہیں جواس کی فطرت کے خلاف ہو اوراس طرح اسے دکھ اور تکلیف میںڈالنے والی ہو۔اسی طرح اس آیت میںاس طرف بھی اشارہ ہے کہ جب تو کامل القویٰ انسان ہے جوہمارے سپرد کردہ فرائض کو اچھی طرح اداکرسکتاہے اور کر رہا ہے تو کس طرح ہوسکتاتھا کہ ہم تجھے تباہ کرتے کیونکہ کوئی شخص اپنی قیمتی چیزکوتباہ نہیںکیاکرتا۔پس ہم نے یہ قرآن تجھے تباہ کرنے کے لئے نہیں بلکہ تجھے اور تیری قوم کو اپنے فرائض کی طرف توجہ دلانے کے لئے نازل کیا ہے اور اس لئے نازل کیا ہے تاکہ تم گمراہی سے بچ جائو۔