تفسیر کبیر (جلد ۷)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 372 of 658

تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 372

حنوک کا ذکر یہودی اور مسیحی احادیث ولٹریچر میں۔یہودیوں کی مشہور مذہبی کتاب ٹارگم( TARGUM ) میں جو ان کی احادیث کا مجموعہ ہے جیسے ہمارے ہاں مشکوٰۃ ہے لکھا ہے کہ حنوک خدا کانیک بندہ تھااور اس کومتاترن (METATRON ) اور سفراربّہ(SAFRA RABBA ) یعنی بڑے عالم یا مذہبی علوم کے عالم کا خطاب دےکر خدا نے آسمان پر اٹھالیا۔(جیوش انسائیکلوپیڈیا زیر لفظ Enoch) سفر کے معنے عربی زبان میں کتاب کے ہوتے ہیں اور اسفار اس کی جمع ہے۔پس سفرا کے معنے ہوئے کتابیں او رسفراربہ کے معنے ہوئے خدائی علوم والا متاترن کے متعلق میں نے تحقیقات نہیں کی ،لیکن اس کے معنے بھی بڑے عالم کے ہی معلوم ہوتے ہیں۔بہرحال ٹارگم میں لکھاہے کہ حنوک کو خدا تعالیٰ نے متاترن اور سفراربہ کا خطاب دے کر آسمان پر اٹھالیا۔لیکن بعض یہودی کتابوں میں لکھا ہے کہ حنوک آخری عمر میں نیکی کے رستہ سے ہٹ گیا تھا اور خدا نے اسے اس لئے اٹھالیا تاکہ وہ بدکار ہوکر برا انجام نہ دیکھے اور یہ بھی لکھا ہے کہ وہ آسمان پر نہیں اٹھایا گیا بلکہ طاعون سے مرا تھا۔(جیوش انسائیکلوپیڈیا جلد ۵۔۱۷۸ Enoch) یہودی کتب میں یہ بھی آتاہے کہ لکھنے کاعلم حنوک نے ایجاد کیا تھا۔اسی طرح علم ہیئت اور حساب بھی اسی نے ایجاد کیا تھا (جیوش انسائیکلوپیڈیا جلد ۵صفحہ ۱۷۸ بحوالہ سفریوہاسین YUHASIN SEFER )مسلمانوں میں بھی اسی قسم کی روایات آتی ہیں(قصص الانبیاء از عبد الوہاب النجار) جس سے معلوم ہوتاہے کہ انہوں نے یہودی کتب سے ہی یہ باتیں نقل کی ہیں۔یہودیوں کی ابتدائی تاریخ میں حنوک کانام قریباً مٹ گیا تھالیکن کچھ صدیوں کے بعد حنوک کا ذکر ان کی کتابوں میں آنے لگا۔چنانچہ بعد میںایک الہامی کتاب حنوک کی کتاب کے نام سے ان میں شائع ہوتی رہی۔سفر حنوک (یعنی کتاب حنوک ) میں لکھاہے کہ لوگوں کے گناہوں کی وجہ سے خدا نے زمین کو چھوڑ دیا او رحنوک کو آسمان پر اٹھالیا اور آسمانی خزانوں کا اس کو نگران مقرر کردیا۔اور فرشتوں کا سردار مقر کردیا اور خداکے تخت کے سامنے خاص مصاحب کے طور پر وہ مقرر کیا گیا۔اس کو سب راز معلوم ہیں اور فرشتے اس کی پشت پر ہیں اور وہ خدا کامنہ ہے اور وہ خدا کے احکام کو دنیا میں جاری کرتاہے وہ روحانی علوم سکھاتاہے وہ آرام کی جگہ پر روحوں کو لےجاتاہے اور خداکے منہ کا شہزادہ کہلاتاہے۔اسی طرح اس کانام تورات کا شہزادہ ،دانائی کا شہزادہ، عقل کا شہزادہ اور شان و شوکت کا شہزاد ہ بھی ہے۔،موسیؑ پر خدا کا پیغام لانے والا وہی تھا (گویا ایک طرح اسے جبریل کا عہدہ دیا گیا تھا ) سفر حکالوت( SEFER HEKALOT یعنی تذکرئہ انبیاء واولیاء)میں لکھاہے کہ ربّی اسماعیل جب آسمان پر گیا تو وہ ساتویں آسمان پر جاکے ادریس کو ملا جس کو متاترن کا عہد ہ دیا گیاہے۔وہاں حنوک نے اپنے اٹھا ئے جانے کا قصہ مندرجہ ذیل الفاظ میں اس سے بیان کیا۔