تفسیر کبیر (جلد ۶)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 600 of 720

تفسیر کبیر (جلد ۶) — Page 600

(CIMMERIANS ) کانام ہے جوایشیائے کوچک کے مشرقی طرف رہتے تھے۔اورماد ی میدیا والوں کا نام ہے ان دونوں کے درمیان کاعلاقہ میدینز ہی کاعلاقہ ہے۔جیروم لکھتاہے کہ ماجوج کوہ قاف کے اوپر بحیرہ اخضر کے اوپر رہتے ہیں یہ بھی وہی شمالی علاقہ ہے جس میں سیدین رہتے تھے۔(جیؤش انسائیکلو پیڈیا زیر لفظ Gog and Magog) اس تحقیق کے بعد اب ہم دیکھتے ہیں کہ جیساکہ بائبل نے لکھا ہے کہ یاجوج ماجوج اس زمانہ میں فارس پر حاکم ہوگئے تھے۔کیا سیدینز کے بارہ میں یہ امر ثابت ہے سوا س کے متعلق ہم تاریخ میں یہ لکھاپاتے ہیں۔’’تب جیسا کہ ہم لکھ آئے ہیں فارس سیدینز کے ہاتھو ں میں آگیا یادوسر ے لفظوں میں مادیوں کے بادشاہ کے ہاتھو ں میں آگیا (مادیاپر اس وقت سیدینز حکومت کررہے تھے )جس باد شاہ کاپائیہ تخت اس وقت اکباتانا (ECBATANA ) میں تھا جس کے ہاتھ سے فارس کو خورس اعظم نے چھڑوایا‘‘۔(ہسٹورینز ہسٹری آف دی ورلڈ ہسٹری آف پرشیاجلد ۲ص ۵۸۰) اس واقعہ سے نہ صرف یہ معلو م ہوتا ہے کہ یاجوج ماجو ج کاقبضہ فارس پر ر ہ چکاتھا بلکہ یہ بھی کہ خورس نے یاجوج ماجوج کو شکست دے کر فارس کو ان کے قبضہ سے آزاد کرایا تھا۔ان کابار بار حملہ کرکے جنوبی اقوام کو تکلیف دینا بھی تاریخ سے ثابت ہے۔چنانچہ ہیروڈیٹس لکھتاہے کہ سیدینز کوہ قاف اوربحیرہ اخضر کے درمیان سے درّہ دربندکے راستے شمالی ممالک کی طرف سے جنوبی ممالک پرحملے کیاکرتے تھے۔(ایضاً) دربند کی دیوار ہی یاجوج ماجوج کی دیوار ہے دوسری شق آخری علامت کی قرآن کریم سے یہ معلوم ہوتی ہے کہ ذوالقرنین نے یاجوج ماجوج کے حملوں سے بچانے کے لئے ایک دیوار بنائی تھی۔پہلے توہم دیکھتے ہیں کہ کیا اس علاقہ میں کسی دیوار کاپتہ ملتاہے ؟ اس کا جواب یہ ہے کہ ہاں عین اسی مقام پرجسے ہیروڈویس نے سید ینز کے حملہ کاراستہ بتایا ہے دیوار بنی ہوئی تھی۔و ہ دربند کی دیوار کے نام سے مشہورہے اورغالباً دربند اسی وجہ سے اس جگہ کانام پڑاہے کہ اس جگہ دیوار کھینچ کر سید ینزکوروکھاگیاتھا۔چنانچہ دربند کے متعلق انسائیکلو پیڈیا برٹینکا میں لکھا ہے کہ ا س جگہ ایک دیوار تھی جواپنی تعمیر کے وقت ۲۹فٹ اونچی تھی اوردس فٹ چوڑی تھی اس میں لوہے کے دروازے تھے اورتھوڑے تھوڑے فاصلہ پر نگرانوں کے لئے مینار بنے ہوئے تھے تاکہ وہاں سے نگرانی کرسکیں یہ پچاس میل لمبی ہے اور بحیرہ اخضر سے کوہ قاف تک چلی گئی ہے پھر انسائیکلو پیڈیا برٹینیکا میں لکھا ہے کہ یہ دیوار سکندر کی دیوارہے۔مگراسے قباد ؔ نے جوساسانی بادشاہ تھا دوبار ہ مرمت کروایا تھا۔(زیر لفظ Derbent) سکندر کا اس دیوار کو بنانا خلاف عقل ہے ان بیانات سے یہ تومعلوم ہوگیا کہ یہاں کوئی دیوار موجو د تھی۔