تفسیر کبیر (جلد ۶) — Page 33
ابھی واقف نہ تھے۔صرف رات اوردن کی تاثیرات سے ان کو آگاہی تھی۔اوراب بھی علمی طبقہ کے علاوہ باقی لوگ رات اوردن کی تاثیرات اوران کے فوائدسے توآگاہ ہیں۔لیکن سورج چاند اورستاروں کی دوسر ی تاثیرات سے واقف نہیں ہیں۔پس فائدہ کو وسیع کرنے کے لئے اورقرآن کریم کے پہلے مخاطبوں کے ذہنوں سے مضمون کو قریب الفہم بنانے کے لئے ضروری تھا کہ دن اوررات کو الگ بھی بیان کردیاجاتا تاکہ ان کادماغ بسہولت آیت کے مضمون کی طرف منتقل ہوسکتا۔شعاعوں کی تاثیر کے متعلق سائنس کی تحقیقات یاد رہے کہ سائنس کی موجود ہ تحقیق نے سپکٹرم کے ذریعہ سے جوایک ایساآلہ ہے جس کے ذریعہ سے روشنی کی شعاعوں کو پھا ڑ کر الگ الگ کرلیا جا تاہے(انسائیکلوپیڈیا برٹینیکا زیر لفظSPECTROSCOPY)۔یہ معلومات حاصل کی ہیں کہ فلاں ستارے میں فلاں قسم کی دھاتیں ہیں اورفلاں میں فلاں قسم کی۔جس سے معلوم ہوتاہے کہ صرف روشنی ہی نہیں بلکہ روشنی کے ساتھ مختلف دھاتوں کی تاثیرات بھی دنیا پر اُترتی رہتی ہیں اور ان سے اہل دنیا کے دماغ اورقویٰ پر مختلف اثرات نازل ہوتے رہتے ہیں۔چاند کی شعاعوں کی تاثیر چاند کی شعاعوں کی تاثیرات توکئی رنگ میں دنیا پر ظاہرہوتی رہتی ہیں۔چاند گرہن کا اثر عام طور پر ہمارے ملک میں مشہور ہے کہ چاند گرہن جب مکمل ہو توحاملہ عورتوں پر اس کا برا اثر پڑتا ہے۔چنانچہ ایسے وقت میں حاملہ عورتیں کمروں سے باہر نہیں نکلتیں۔گوعام طور پر اسے وہم سمجھا جاتا ہے مگر میں نے اس سوال پر خاص طورپر غور کیا ہے اورمعلوم کیا ہے کہ جب چاند گرہن مکمل ہو تواس کے بعد بہت سی عورتوں کی زچگی سخت تکلیف دہ ہوتی ہے۔اوران میں بکثرت موتیں ہوتی ہیں۔میں نہیں کہہ سکتا کہ تکلیف اٹھانے والی عورتیں وہ ہوتی ہیںجو ایسے وقت میں چاند کودیکھتی ہیں۔یااس کے بغیر بھی ان پر یہ تاثیر عمل کرتی ہے۔مگر بہرحال میں نے کئی دفعہ اس کا تجربہ کیا ہے اوردوسروں کو بھی بتایا ہے۔جنہوں نے اپنے تجربہ سے اس کی تصدیق کی ہے۔یہ بھی نہیں کہاجاسکتا کہ یہ تاثیر ہمیشہ ہوتی ہے یااس کاظہور بعض اور ستاروں کی نسبت سے ہوتاہے۔یعنی چاند دوسرے ستارو ںسے ایک خاص زاویہ پرہوتواس وقت اس کی یہ تاثیر ظاہر ہوتی ہے یاآزادانہ ہوتی ہے۔یہ منجم ہی بتاسکتے ہیں۔میں نے تو بعض توہمات کی تحقیق کرتے ہوئے جوچاند گرہن کی حاملہ عورتوں پر تاثیر کے متعلق ہمارے ملک میں پائے جاتے ہیں یہ امور مشاہد ہ کئے ہیں۔ان کو معیّن اورعلمی صورت دینا ستاروں کے علماء کاکام ہے۔جمادات کی روشنیاں، شعاعیں، مقناطیسی تاثیرات انسانی نشوونما پر خاص اثر ڈالتی ہیں خلاصہ یہ کہ جمادات کی روشنیاں اورشعاعیں اورمقناطیسی تاثیرات بھی انسانی نشوونما پر خاص اثر ڈالتی ہیں جن میں سے