تفسیر کبیر (جلد ۶)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 287 of 720

تفسیر کبیر (جلد ۶) — Page 287

سبوحیت کاظہور ہوتاہے۔اوران دونوں نظاروں میں یعنی اس میں جو موسیٰ نے دیکھا اور اس میں جو آنحضرت صلعم نے دیکھا ان دونوں باتوں کی طرف اشارہ ہے۔حضرت موسیٰ کاایک اورواقعہ بھی اس واقعہ سے ملتاہے اوروہ وہ واقعہ ہے جو اگلی سور ۃ کہف میںبیان ہواہے اس کی اس واقعہ سے جو مشابہت ہے اس جگہ پر بیان کی جائے گی۔اسراء میں آنحضرت ؐ کی بعثت ثانی کی پیشگوئی میرے نزدیک اس کشف میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک روحانی سفر کی طرف بھی اشار ہ ہے اوریہ بتایا ہے کہ جب اسلام پرتاریکی کا زمانہ آئے گا اس وقت اللہ تعالیٰ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو آپؐ کے تابع وجود کے واسطہ سے پھر دنیا کی ہدایت کے لئے مقرر کرے گا۔اوراس تابع کے واسطہ سے وہی برکات مسلمانوں کوپھر ملیں گی جوانبیاء بنی اسرائیل کو اور ان کے اتباع کو ملی تھیں اسی کی طرف سورئہ جمعہ میں بھی اشارہ ہے جہاں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے هُوَ الَّذِيْ بَعَثَ فِي الْاُمِّيّٖنَ رَسُوْلًا مِّنْهُمْ يَتْلُوْا عَلَيْهِمْ اٰيٰتِهٖ وَ يُزَكِّيْهِمْ وَ يُعَلِّمُهُمُ الْكِتٰبَ وَ الْحِكْمَةَ١ۗ وَ اِنْ كَانُوْا مِنْ قَبْلُ لَفِيْ ضَلٰلٍ مُّبِيْنٍ۔وَّ اٰخَرِيْنَ مِنْهُمْ لَمَّا يَلْحَقُوْا بِهِمْ١ؕ وَ هُوَ الْعَزِيْزُ الْحَكِيْمُ(الجمعة :۳،۴)یعنی خداہی ہے جس نے امیوں میں ان میں سے ہی رسول بھیجا ہے جو ان سے اللہ تعالیٰ کے نشانات بیان کرتاہے اورکتاب اورحکمت سکھاتا ہے اورانہیں پاک کرتا ہے حالانکہ اس سے پہلے وہ کھلی کھلی گمراہی میں مبتلاتھے۔اسی طرح آنحضر ت صلی اللہ علیہ وسلم ایک اورجماعت کوبھی دین سکھائیں گے جو اب تک ان مسلمانوں سے نہیں ملی بلکہ آیندہ زمانہ میں ظاہر ہوگی اوریہ با ت اللہ تعالیٰ سے بعید نہیں کیونکہ خدا تعالیٰ غالب ہے اوروہ حکمت والا ہے یعنے یہ نہیں برداشت کرسکتا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی امت تباہ ہو اور و ہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی روحانی بعثت کرکے اس کی اصلاح نہ کرے۔وَ اٰتَيْنَا مُوْسَى الْكِتٰبَ وَ جَعَلْنٰهُ هُدًى لِّبَنِيْۤ اِسْرَآءِيْلَ اورہم نے موسیٰ کو(بھی)کتاب دی تھی اوراس (کتاب )کوہم نے بنی اسرائیل کے لئے ہدایت (کاذریعہ ) اَلَّا تَتَّخِذُوْا مِنْ دُوْنِيْ وَكِيْلًاؕ۰۰۳ بنایاتھا(اوراس میں انہیں حکم دیاتھا)کہ تم میرے سواکسی کو (اپنا )کارساز نہ ٹھہرائو۔حلّ لُغَات۔ھُدًی:ھُدًی ھدٰی کامصدر ہے اورھَدَی کے لئے دیکھو رعد آیت نمبر ۲۸۔یَھْدِی ھَدَی سے ہے اور ھَدَاہٗ الطَّرِیْقَ وَاِلَیْہِ وَلَہٗ کے معنے ہیں بَیَّنَہٗ لَہٗ وَعَرَّفَہٗ بِہٖ۔راستہ دکھایا ، بتایا