تفسیر کبیر (جلد ۵) — Page 128
وَ اسْتَفْتَحُوْا وَ خَابَ كُلُّ جَبَّارٍ عَنِيْدٍۙ۰۰۱۶ اور انہوں نے (اپنی) فتح کے لئے دعا کی اور( نتیجہ یہ ہوا کہ) ہر ایک سرکش (اور) حق کا دشمن ناکام رہا۔حلّ لُغَات۔اِسْتَفْتَحَ۔اِسْتَفْتَحُوْا اِسْتَفْتَحَ سے جمع کا صیغہ ہے اور اِسْتَفْتَحَ الْبَابَ کے معنے ہیں فَتَحَہٗ دروازہ کو کھولا۔اِسْتَفْتَحَ الشَّیْءَ بِکَذَا اِبْتَدَأَ ہُ اس کو شروع کیا۔اور اِسْتَفْتَحَ فُلَانٌ کے معنے ہیں طَلَبَ الفَتْحَ وَاسْتَنْصَرَ اس نے فتح طلب کی اور مدد چاہی۔وَمِنْہُ اِنْ تَسْتَفْتِحُوْا اَیْ اِن طَلَبْتُمُ الظَّفَرَ۔یعنی اِنْ تَسْتَفْتِحُوْا کے معنے ہیں۔اگر تم مدد چاہو۔نیز ھُوَ یَسْتَفْتِحُ عَلَیَّ بِفُلَانٍ کا فقرہ بھی ان معنوں میں استعمال کرتے ہیں۔یعنی وہ میرے خلاف مدد چاہتا ہے۔(اقرب) خاب خَابَ۔یَخِیْبُ۔خَیْبَۃً۔لَمْ یَظْفَرْ بِمَا طَلَبَ۔خَابَ کے معنے ہیں اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوا۔کَفَرَ۔کفر کیا۔اِنْقَطَعَ اَمَلُہٗ۔اس کی امید ٹوٹ گئی۔خَابَ سَعْیُہٗ اَیْ لَمْ یَنْجَحْ اور خَابَ سَعْیُہٗ کے معنے ہیں اس کی کوشش ناکام گئی۔(اقرب) جَبَّار جَبَّارٌ۔یہ اللہ تعالیٰ کی صفات میں سے ایک صفت ہے اور اس کے معنے ہوتے ہیں بڑا مصلح اور لوگوں کی حاجات پوری کرنے والا۔جب جَبَّار غیراللہ کی صفت ہو تو اس کے معنے ہوتے ہیں کُلُّ عَاتٍ مُتَمَرِّدٍ۔سرکش۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والا۔وَالَّذِیْ یَقْتُلُ عَلَی الْغَضَبِ جسے غصہ کی حالت میں قتل سے بھی دریغ نہ ہوتا ہو۔(اقرب) عَنَدَ عَنَدَ عَنِ الطَّرِیْقِ وَالْقَصْدِ کے معنے ہیں مَالَ وَعَدَلَ۔راستہ یا ارادہ کو ترک کر دیا۔اُس سے اِدھر اُدھر ہو گیا۔اور عَنِیْدٌ کے معنے ہیں اَلْمُخَالِفُ لِلْحَقِّ الَّذِیْ یَرُدُّہٗ وَھُوَ یَعْرِفُہٗ حق کا ایسا مخالف جو اس کو باوجود سمجھنے کے رد کرتا ہو۔(اقرب) پس خَابَ كُلُّ جَبَّارٍ عَنِيْدٍ کے معنے ہوں گے۔ہر حق کا مخالف۔سرکش۔اپنی کوششوں میں ناکام رہا اس کی امیدیں ٹوٹ گئیں۔اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوا۔تفسیر۔اِسْتَفْتَحُوْا کی ضمیر انبیاء اور کفار دونوں کی طرف راجع ہو سکتی ہے وَ اسْتَفْتَحُوْا الخ کی ضمیر دونوں طرف پھر سکتی ہے۔نبیوں کی طرف بھی اور کفار کی طرف بھی اور سیاق و سباق کے لحاظ سے بھی دونوں ہی معنے ہوسکتے ہیں۔جب کفار نے کہا کہ ہم تم کو اپنی زمین سے نکال دیں گے تو لازماً نبیوں اور ان کے اتباع نے دعا مانگنی ہی تھی کہ اللہ تعالیٰ انہیں کفار کے شر سے محفوظ رکھے۔