تفسیر کبیر (جلد ۴) — Page 534
تَفْصِيْلَ كُلِّ شَيْءٍ وَّ هُدًى وَّ رَحْمَةً لِّقَوْمٍ يُّؤْمِنُوْنَ۰۰۱۱۲ سامنے (پہلے سے موجود) ہے اورہر بات کی پوری تفصیل کرنے والی ہے اور جو لوگ ایمان لاتے ہیں ان کے لئے ہدایت اور رحمت ہے۔حلّ لُغَات۔قَصَصٌ قَصَّ عَلَیْہِ الْخَبَرَ والرُّؤْیَا (قَصَصًا) حَدَّثَ بِھِمَا عَلٰی وَجْھِہِمَا وَمِنْہُ نَحْنُ نَقُصُّ عَلَیْکَ اَحْسَنَ الْقَصَصِ۔قَصَصٌ۔قَصَّ۔یَقُصُّ کا مصدر ہے جس کے معنے کسی واقعہ کو بعینہا اور صحیح طور پر بیان کرنے کے ہیں۔(اقرب) اَلْاَلْبَابُ۔اَللُّبُّ خَالِصُ کُلِّ شَیْءٍ۔لُبّ ہر چیز کے خالص حصہ کو کہتے ہیں۔وَالْعَقْلُ۔عقل۔اَوِالْخَالِصُ مِنَ الشَّوَائِبِ اَوْ مَازَکٰی مِنَ الْعَقْلِ۔ایسی عقل جو تعصب ضد وغیرہ کی ملاوٹوں سے خالص ہو یا اعلیٰ پایہ کی ہو۔فَکُلّ لُبّ عَقْلٌ وَلَا عَکْسَ پس جب لبّ کا لفظ بولیں تو اس کے معنے عقل کے کرسکتے ہیں لیکن ہمیشہ عقل کے لفظ پر لبٌّ کا اطلاق نہیں ہوسکتا۔وَ مَعْنَا ھَا الْقَلْبُ لبّ کے ایک معنی دل کے بھی ہیں۔اس کی جمع اَلْبَاب۔اَلُبٌّ اور اَلْبُبٌ آتی ہے۔(اقرب) اُوْلُوالاَلْبَاب کے معنے یہ ہوں گے کہ ایسی عقل والے لوگ جو اسے ضد و تعصب وغیرہ سے علیحدہ رکھتے ہیں اور بات کو جلدی سمجھ جاتے ہیں۔تفسیر۔آنحضرتؐ کی پیشگوئیاں ضرور پوری ہو کر رہیں گی فرماتا ہے اگر یہ لوگ ذرہ بھر بھی غور سے کام لیتے تو پہلے نبیوں کے کلام سے نتیجہ نکال سکتے تھے کہ آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم جو کچھ فرماتے ہیں وہ ضرور پورا ہوکر رہے گا۔کیونکہ آپؐ پہلی پیشگوئیوں کے مطابق آئے ہیں۔آنحضرتؐ کا انکار پہلی الہامی کتب کا انکار ہے اگر آپؐ کو جھوٹا خیال کریں گے تو پہلی کتابوں کو بھی جھوٹی ماننا پڑے گا۔جیسے مثلاً بائبل وغیرہ میں آپؐ کے متعلق پیشگوئیاں موجود ہیں۔اگر آپؐ کے دعویٰ کی صداقت کو تسلیم نہ کیا جائے تو ساتھ ہی ان کتب کا بھی انکار کرنا پڑتا ہے کیونکہ آپؐ کے سوا ان کتب کی پیشگوئیوں کا کوئی مصداق نظر نہیں آتا۔اگر کوئی کہے کہ شاید آئندہ ظاہر ہو تو اس کا یہ جواب ہے کہ جب وہ علامات آپؐ کے وجود میں پائی جاچکیں تو آئندہ کسی کے ظاہر ہونے کی امید نہیں رہتی اور اگر فرض کر لیا جائے کہ آئندہ بھی کوئی شخص ایسا آئے گا تب بھی وہ پیشگوئیاں غلط جاتی ہیں کیونکہ جو پیشگوئیاں ایک جھوٹے شخص پر چسپاں ہوگئیں ان کا اعتبار کیا رہا اور آئندہ آنے والے شخص کے متعلق کس طرح سمجھا جاسکے گا کہ وہ ضرور سچا ہے۔