تفسیر کبیر (جلد ۴)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 194 of 637

تفسیر کبیر (جلد ۴) — Page 194

اس کا صلہ عَنْ ہو تو اس کے معنی روک دینے کے ہوتے ہیں (اقرب) تفسیر۔آخر سورۃ اور ابتداء سورۃ کے مضمون کا اتحاد آخر سورۃ میں پھر سورۃ کے ابتدائی مضمون کی طرف توجہ دلائی ہے۔اور فرمایا ہے کہ خدا تعالیٰ کا حکم پورا ہوکر رہتا ہے۔وہ جس طرح حکیم ہے اسی طرح حاکم بھی ہے۔پس تو اس کلام الٰہی کی تبلیغ کرتا جا جو تجھ پر نازل ہوا ہے۔اور جب تک اللہ تعالیٰ کا فیصلہ نہ ہو ان لوگوں کی ایذا رسانی کی برداشت کرتا جا۔اور پرواہ نہ کر۔فیصلہ تیرے حق میں ہونے والا ہے خَيْرُ الْحٰكِمِيْنَکہہ کر اس طرف اشارہ کیا ہے کہ اس کا فیصلہ تیرے بارے میں بہت اچھا صادر ہونے والا ہے۔چنانچہ جب وہ فیصلہ ہوا تو دنیا دنگ رہ گئی۔وہ لوگ جو آپ کے خون کے پیاسے تھے آپ کے والہ و شیدا ہو گئے۔اور سب ملک حضرت یونسؑ کی قوم کی طرح یکدم ایمان لے آیا۔اور وفود کے وفود آکر آپ ؐ کی غلامی میں داخل ہو گئے۔صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم