تفسیر کبیر (جلد ۳) — Page 380
کچھ مہر تھا اُسے دے دیا اور پھر اس سے بھی زیادہ دیا۔اور کہا اَنَا اَحَقُّ بِالْعَفْوِ کہ میں عفو کرنے کا زیادہ حقدار ہوں۔گویازیادہ دینے کوانہوں نے عفو قرار دیا۔(کشاف زیر آیت ھذا)۔وَ اَنْ تَعْفُوْۤا اَقْرَبُ لِلتَّقْوٰی میں مردعورت ولی سب مراد ہیں۔اور یہ قاعدہ بتایا گیا ہے کہ ایسے موقعوں پر اپنا حق چھوڑنابہ نسبت اپنا حق طلب کرنے کے زیادہ افضل ہوتا ہے اور تقویٰ کا یہی تقاضاہوتاہے۔مگر افسوس ہے کہ لوگ اس کا خیال نہیں رکھتے اور ہمیشہ اپنے حقوق کا مطالبہ پیش کرتے اور اس پر لڑتے جھگڑتے ہیں۔دوسرے پر احسان کرنے کی طرف اپنا قدم نہیں بڑھاتے حالانکہ اللہ تعالیٰ واضح طور پر فرماتا ہے کہ تمہارا معاف کردینا تقویٰ کے زیادہ قریب ہے۔یعنی عورت یہ خیال کرے کہ میں اپنے خاوند کے ہاں آباد تو ہوئی نہیں۔اگر اسے مہر معاف کردوں تو کیا حرج ہے؟اسی طرح مرد یہ خیال کرے کہ گویہ عورت میرے ہاں آباد نہیں ہوئی لیکن میری طرف منسوب تو ہوئی ہےاس لئے میں ہی کچھ زیادہ دے دوں۔اِسی طرح ولی کو چاہیے کہ وہ ایسے رنگ میں فیصلہ کرائے کہ کوئی فتنہ پیدا نہ ہو۔وَ لَا تَنْسَوُا الْفَضْلَ بَيْنَكُمْ میں نسیان کے معنے بھولنے کے نہیں بلکہ چھوڑنے کے ہیں۔جیسے اللہ تعالیٰ ایک دوسرے مقام پر فرماتا ہے کہ نَسُوا اللّٰہَ فَنَسِیَھُمْ (التوبۃ: ۶۷) انہوں نے اللہ کو چھوڑدیا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اللہ تعالیٰ نے بھی اُن کو ترک کر دیا۔اور فضل سے مراد ایسا فعل ہے جس سے انسان دوسرے پر فضیلت حاصل کر لے۔پس لَاتَنْسَوُاالْفَضْلَ بَیْنَکُمْ میں اللہ تعالیٰ نے یہ نصیحت فرمائی ہے کہ آپس میں معاملہ کرتے وقت تم میں سے ہر فرد کو ہمیشہ یہ کوشش کرنی چاہیے کہ وہ نیکی اور احسان اور مروّت میں ایک دوسرے پر فضیلت لے جائے اور ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرے۔اِنَّ اللّٰہَ بِمَا تَعْمَلُوْنَ بَصِیْرٌ۔اللہ تعالیٰ تمہارے کاموںکو دیکھتا ہے وہ تمہاری نیکی ضائع نہیں کرے گا بلکہ تمہیں اس کا اچھے سے اچھا بدلہ دےگا۔پس چاہیے کہ تم ان احکام کو ملحوظ رکھواور ان پر عمل کر کے اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرو۔حٰفِظُوْا عَلَى الصَّلَوٰتِ وَ الصَّلٰوةِ الْوُسْطٰى ١ۗ وَ قُوْمُوْا لِلّٰهِ قٰنِتِيْنَ۰۰۲۳۹ تم (تمام) نمازوں کا اور( خصوصاً )درمیانی نماز کا پورا خیال رکھو۔اور اللہ کے لئے فرمانبردار ہو کر کھڑے ہو جاؤ۔حلّ لُغات۔اَلْقُنُوْتُ کے معنے ہیں اَلطَّاعَۃُ اطاعت۔اَلْقِیَامُ فِی الصَّلٰوۃِ نماز کے لئے کھڑا