تفسیر کبیر (جلد ۳)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 311 of 635

تفسیر کبیر (جلد ۳) — Page 311

یہ توحضرت نوح ؑ کا حال ہے۔جو پہلے نبی ہیں جن کی تاریخ ایک حد تک محفوظ ہے۔اور جن کے بعد تاریخ ایک حد تک تفصیلی رنگ اختیار کر لیتی ہے۔آپ کے بعد دوسرا مہتم بالشان زمانہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا ہے ان کی نسبت ہم بائیبل کے باب۱۴ آیت ۱۸ میں پڑھتے ہیں کہ ملک صدق سالم کے بادشاہ نے ان کی دعوت میں روٹی اور مے پیش کی تھی۔اسی طرح حضرت لوط ؑکی نسبت پیدائش باب۹آیت۳۲ و ۳۵ میں لکھا ہے کہ لوط ؑ کی لڑکیوں نے اپنے باپ کومے پلائی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس زمانہ میں نہ صرف شراب منع نہ سمجھی جاتی تھی بلکہ ضروریات زندگی میں سے خیال کی جاتی تھی۔کیونکہ یہ واقعہ عذاب کے بعد کا ہے۔جس وقت کہ حضرت لوط ؑ اپنی دونوں لڑکیوں سمیت جنگل میں ایک غار میں رہتے تھے۔اس وقت ان کے پاس شراب کا ہونا ظاہر کرتا ہے کہ بائیبل کے بیان کے مطابق اس وقت کے طرز معاشرت کے ماتحت انہوں نے ان چند ضروری اشیاء میں جو وہ برباد ہونے والی بستی سے لےکر نکلے تھے شراب کا شامل کرنا بھی ضروری خیال کیا تھا۔بنو اسرائیل میں نبوت کے منتقل ہونے میں بھی شراب کا بہت کچھ دخل ہے۔کیونکہ جیسا کہ بائیبل کے بیان سے معلوم ہوتا ہے ابتداءً بڑے لڑکے ہی وارث ہو اکرتے تھے اور انہی کی نسل سے شجرہ چلایا جاتا تھا۔چنانچہ اس طریق کے مطابق حضرت اسحاق ؑنے بھی اپنے بڑے لڑکے عیسو کو برکت دینی چاہی مگر جیسا کہ پیدائش باب ۲۷ سے معلوم ہوتا ہے حضرت یعقوبؑ کی والدہ نے ان کو کھانا پکا کر دیا۔اور انہوں نے لذیذ کھانا کھلا کر اور عمدہ شراب پلا کر (آیت۲۵) اور اپنے آپ کو عیسو ظاہر کر کے ان سے اپنے حق میں دُعا کروالی۔اور اس طرح نبوت عیسُو کے خاندان سے نکل کر یعقوب یعنی اسرائیل کے خاندان میں آگئی۔پس بنی اسرائیلی اپنی روحانی ترقیات میں ایک حد تک مے کے بھی ممنون ہیں۔پھر نہ صرف یہ کہ بائیبل کے بیان کے مطابق حضرت اسحاق ؑ نے خود ہی مے پی۔بلکہ حضرت یعقوبؑ کے حق میں بھی جن کو وہ اپنا بڑا لڑکا عیسو خیال کررہے تھے یہ دعا کی کہ خداتجھے اناج اور مے کی زیادتی بخشے(آیت ۲۸) جس کے ذریعے انہوں نے بنی اسرائیل کے لئے ہمیشہ شراب کا استعمال ضروری قرار دےدیا کیونکہ اگر وہ شراب کا استعمال ترک کر دیں تو یہ دعا باطل جاتی ہے۔حضرت اسحاق ؑکی اس دعا کو حضرت یعقوب ؑ نےبھی اپنی وفات کے وقت کی دعا سے اور تقویت دے دی کیونکہ انہوں نے اپنے بیٹے یہودا اور اس کی اولاد کے حق میں خبر دی ہے۔کہ ان کی آنکھیں شراب کے نشہ سے سُرخ رہیں گی۔(پیدائش باب۴۹آیت۱۲) اس زمانہ کے بعد بنی اسرائیل کی تاریخ میں سب سے بڑا اور اہم زمانہ حضرت موسیٰ ؑ کا ہے۔حضرت موسیٰ ؑ یہودی مذہب کے بانی ہیں۔اور اپنے سے پہلے سب شریعتوں کے ناسخ ہیں۔مگر جہاں انہوں نے ایسے بہت سے قانون اور رواج جو ان سے پہلے