تفسیر کبیر (جلد ۲)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 31 of 644

تفسیر کبیر (جلد ۲) — Page 31

الْعَذَابِ کہ وہ تمہیں بدترین عذاب دینا چاہتے تھے۔(مفردات) تاج العروس میں ہے کہ سَامَہٗ کے معنے ہیں اَلْزَمَہٗ وَ جَشَمَہٗ اس کے ذمہ کوئی کام لگایا اور اسے اس کام کے کرنے کی تکلیف دی۔(تاج ) اَلْعَذَاب۔اَلْعَذَابُ کُلُّ مَاشَقَّ عَلَی الْاِنْسَانِ وَمَنَعَہٗ عَنْ مُرَادِہٖ۔عذاب کے معنے ہیں ہر وہ چیز جو انسان پر شاق گزرے اور حصول مراد سے اُسے روک دے۔وَفِی الْکُلِّیَاتِ کُلُّ عَذَابٍ فِی الْقُرْآنِ فَھُوَ التَّعْذِیْبُ اِلَّا وَ لْیَشْھَدْ عَذَابَھُمَا طَائِفَۃٌ فَاِنَّ الْمُرَادَ اَلضَّرْبُ۔اور کُلِّیَات (ابی البقاء)میں لکھا ہے کہ عذاب سے مراد قرآن مجید میں عذاب دینا ہوتا ہے سوائے وَ لْیَشْھَدْ عَذَابَھُمَا کی آیت کے۔وہاں ظاہری سزا مراد ہے (اقرب) اَلْعَذَابُ ھُوَ الْاِیْجَاعُ الشَّدِیْدُ۔عذاب کے معنے ہیں سخت تکلیف دینا۔فَالتَّعْذِیْبُ فِی الْاَصْلِ ھُوَ حَمْلُ الْاِنْسَانِ اَنْ یَّعْذَ بَ اَیْ یَجُوْعَ وَیَسْھَرَ۔اگر مادہ کے لحاظ سے اُسے دیکھا جائے تو اس کے معنے ہیں کہ کسی کو بھوکا اور بیدار رہنے پر آمادہ کرنا۔کیونکہ عَذَبُ الرَّجُلُ کے معنے ہیں۔اس نے کھانا پینا ترک کر دیا۔وَقِیْلَ اَصْلُہٗ مِنَ الْعَذْ بِ۔فَـعَـدَّ بْـتُـہٗ اَیْ اَ زَلْتُ عَذْ بَ حَیٰوتِہٖ۔بعض نے کہا ہے کہ عذاب عَذْبٌ سے نکلا ہے۔جس کے معنے میٹھے پانی کے ہیں۔تَعْذِیْب کے معنے اور عَذَّبَ کے معنے ہیں کہ اُسے زندگی کی حلاوت سے محروم کر دیا (مفردات) پس عَذَابکے معنے ہوئے (۱) تکلیف (۲) ایسی چیز جو زندگی کی حلاوت سے محروم کر دے (۳) مقصودِ حیات سے محروم کر دے۔پس یَسُوْمُوْنَکُمْ سُوْءَ الْعَذَاب کے معنے ہوں گے (۱) وہ تمہیں بدترین عذاب دے رہے تھے۔(۲) وہ تمہیں بدترین عذاب دینا چاہتے تھے۔یُذَبِّحُوْنَ۔ذَ بَّـحَ سے مضارع جمع مذکر غائب کا صیغہ ہے اور ذَ بَّـحَ ذَ بَـحَ سے باب تفعیل ہے۔ذَ بَـحَ کے معنے ہیں شَقَّ پھاڑ دیا۔نیز اس کے معنے ہیں فَتَقَ توڑ دیا۔خَنَقَ گلاگھونٹ کر مار دیا۔نَحَرَ ذبح کیا۔(اقرب) لسان میں ہے اَلذَّبْحُ قَطْعُ الْحُلْقُوْمِ۔ذَ بَـحَ کے معنے ہیں گلاکاٹنا (لسان)۔تاج العروس میں ہے اَلذَّ بْـحُ۔اَلْھَلَاکُ کہ ذبح کے ایک معنی ہلاک کر دینے یا مار دینے کے ہیں (تاج)۔اس جگہ ذَ بَـحَ کے معنے مارنے یا گلا گھونٹ کر مارنے کے ہیں۔پس یُذَبِّحُوْنَ اَبْنَائَکُمْ کے معنے ہوں گے (۱) وہ تمہارے لڑکوں کو مار دیتے تھے (۲) وہ تمہارے لڑکوں کو گلاگھونٹ کر مار دیتے تھے۔یَسْتَحْیُوْنَ۔اِسْتَحْیَا سے مضارع جمع مذکر غائب کا صیغہ ہے اور اِسْتَحْیَاہُ کے معنے ہیں اَبْقَاہُ حَیًّا