تفسیر کبیر (جلد ۲) — Page 153
آبادی کا فکر نہیں کرتے۔خدا اُن کے دلوںکو بھی اپنے جلوے سے آباد نہیں فرماتا۔پھر لاکھوں لوگ ایسے ہیں جو بظاہر مسلمانوں کی تعلیم اور مسلمانوں کی اقتصادی یا سیاسی حالت کی درستی میں لگے ہوئے ہیں لیکن نماز اور روزے سے غافل ہیں اس لئے اُن کے یہ کام محض سیاسی ہو کر رہ گئے ہیں کیونکہ ان کے ساتھ دین کی چاشنی ملی ہوئی نہیں اور جسم کی ضرورت کو پورا کیا جاتا ہے اور رُوح کی ضرورت کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے پس یہ کام بھی عملِ صالح نہیں رہے۔مناسب حال کام وہی ہوتا ہے جس میں چاروں کونوں کا خیال رکھ لیا جاتا ہے۔وہ مکان جس کی تین دیواریں ہوں اور ایک نہ ہو حفاظت کا ذریعہ نہیں ہو سکتا کُجا یہ کہ ایک دیوار ہو اور تین نہ ہوں ضرورت تھی کہ ایک طرف اپنے عمل اور اپنے فعل سے اسلامی تعلیم کی خوبی کو دنیا پر ظاہر کیا جاتا تو دوسری طرف دلائل اور براہین کی تلواروں سے اسلام کی حفاظت کی جاتی۔اگر یہ دونوں پہلو مدِّ نظر رکھ لئے جاتے تو اسلام کبھی کمزور نہیں ہو سکتا تھا۔نہ مسلمان باغی بنتے نہ بُزدل اور بھگوڑے ہوتے بلکہ اعلیٰ اخلاق والے، اعلیٰ قربانیاں کرنے والے، شریف، متواضع،دلیر اور بہادر بیک وقت سب اخلاق کے مالک ہوتے اور دنیا کی کوئی قوم ان کا مقابلہ نہ کر سکتی۔یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ صَلَحَ کا لفظ عربی زبان میں کبھی بُرے معنوں میں استعمال نہیں ہوتا پس جھوٹ، چوری ڈاکہ وغیرہ قسم کے افعال پر وہ خواہ کسی مصلحت کے لئے ہی کیوں نہ ہوں اور کسی کے فائدہ ہی کے لئے کیوں نہ کئے جائیں عملِ صالح نہیں کہلا سکتے۔وَ اِذْ اَخَذْنَا مِيْثَاقَكُمْ وَ رَفَعْنَا فَوْقَكُمُ الطُّوْرَ١ؕ خُذُوْا اور (اس وقت کو بھی یاد کرو) جب ہم نے تم سے پختہ عہد لیا تھا اور طور کو تمہارے اوپر بلند کیا تھا( اور کہا تھا کہ) جو مَاۤ اٰتَيْنٰكُمْ بِقُوَّةٍ وَّ اذْكُرُوْا مَا فِيْهِ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُوْنَ۰۰۶۴ (کچھ )ہم نے تمہیں دیا ہےاسے مضبوطی سے پکڑ لو اور جو کچھ اس میں ہے اسے یاد رکھو تاکہ تم متقی بن جاؤ۔حَلّ لُغَات۔مِیْثَاقٌ۔اَلْمِیْثَاقُ عَقْدٌ مُؤَکَّدٌ بِیَمِیْنٍ وَ عَہْدٍ۔مِیَثَاقٌ کے معنے ہیں ایسا عہد کرنا جو قسم سے مُوکد ہو۔( مفردات) رَفَعْنَا۔رَفَعَ سے متکلّم مع الغیر کا صیغہ ہے۔رَفَعَہٗ رَفْعًا کے معنے ہیں ضِدُّ وَضَعَہٗ۔اس کو اوپر اُٹھایا بلند کیا۔نیز کہتے ہیں۔رُفِعَ لَہُ الشَّیْءُ اور مراد یہ ہوتی اَبْصَرَہٗ عَنْ بَعِیْدٍ اس نے فلاں چیز کو دُور سے دیکھا۔(اقرب)