تفسیر کبیر (جلد ۱۵)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 58 of 534

تفسیر کبیر (جلد ۱۵) — Page 58

طرف سے ظاہرہو تے ہیںوہ بھی اس میں شامل ہیں۔دین کی معرفت کے لئےمندرجہ ذیل اہم امور کا علم ضروری ہے:۔دین کی معرفت کے لئے ضروری امور (۱) ثبوت ہستی باری تعالیٰ۔جب مذہب کی بنیادہی اللہ تعالیٰ کی ذات پر ہے تو ہر مذہب کا فرض ہے کہ وہ ایسےثبوت دے جن سے اللہ تعالیٰ کی ذات پر انسان کا یقین بڑھے یعنی یہ بتایا جائے کہ کیا خدا موجود ہے؟ اوراگر ہے تواس کے وجود کے دلائل کیا ہیں؟ (۲) اس کی صفات کی صحیح تشریح اور ان کا باہمی تعاون۔اگر صرف یہ کہہ دیا جائے کہ خدا تعالیٰ کے اندر مختلف صفات پائی جاتی ہیں تو اس سے انسان کو کوئی فائدہ نہیںہو سکتا۔مگر یہ کہ خدا تعالیٰ کیا کیا صفات رکھتا ہے اور ان کا ثبوت کیا ہےیہ اور چیز ہے اور مذہب کافرض ہے کہ وہ اس پہلو پر بھی روشنی ڈالے۔(۳) ملائکہ(۴)انبیاء(۵)قضاء و قدر (۶) بعث بعد الموت۔اگر صفات ِ الٰہیہ کو شِق کے طور پرلیںتویہ پانچ چیزیں بن جاتی ہیں اور اگر علیحدہ لیا جائے تو یہ چھ باتیں بن جاتی ہیں۔بہر حال بڑی بڑی باتیں یہی ہیں ان امور کے متعلق جو تعلیم اسلام میں پائی جاتی ہے وہ کسی اور مذہب میں نہیں پائی جاتی اور یہ اسلام کو دوسرےمذاہب پر ایک نمایاں فوقیت حاصل ہے۔ہستی باری تعالیٰ کے ثبوت سب سے پہلی اور بڑی چیز ہستی باری تعالیٰ ہے اس کے متعلق میں یہ تو نہیں کہہ سکتا کہ دوسری کتابوں میں خدا تعالیٰ کا ذکر نہیں۔مذہب کی تو بنیاد ہی خدا تعالیٰ پر ہے جب خدا تعالیٰ کا ذکر ہی کسی مذہب میں نہ ہو تو وہ مذہب قائم نہیں رہ سکتا۔بائبل، ژند اوستااور وید وغیرہ کتابوں کو اگر ہم الہامی کتب تسلیم کرتے ہیں تو یہ لازمی بات ہے کہ ان میں خدا تعالیٰ کا ذکر ہو۔پس یہ تو نہیں کہا جا سکتا کہ دوسری مذہبی کتب میں خدا تعالیٰ کا ذکر نہیں۔دیکھنے والی بات یہ ہے کہ آیا انہوں نے خدا تعالیٰ کی ہستی کے دلائل بھی پیش کئے ہیں یا نہیں۔ورنہ محض خدا تعالیٰ کا نام لے دینے سے لوگوں کو یہ یقین نہیں آسکتا کہ خدا تعالیٰ فی الواقعہ موجود بھی ہےاور اس میں کئی قسم کی صفات بھی پائی جاتی ہیں اس کے لئے مختلف دلائل کی ضرورت ہو تی ہے جن کا مہیا کرنا خود الہامی کتاب کے ذمہ ہوتا ہے۔مگر ہستی باری تعالیٰ کے ثبوت سوائے قرآن کریم کے اور کسی الہامی کتاب نے پیش نہیں کئے۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ کسی ہندو سے پوچھو تو وہ بھی خدا تعالیٰ کے وجود کی دلیلیں دے گا۔عیسائی سے پوچھو تو وہ بھی خدا تعالیٰ کے وجود کا کچھ نہ کچھ ثبوت دے گا مگر سوال یہ ہے کہ وہ دلیلیں آیا ان کی الہامی کتب کی ہیں؟ وہ صاف کہہ دیں گے کہ یہ دلائل ہماری کتاب نے تو نہیں دیئے ہم خود پیش کر رہے ہیں۔گویا ان کا اپنے پاس سے ان امور