تفسیر کبیر (جلد ۱۴)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 76 of 651

تفسیر کبیر (جلد ۱۴) — Page 76

دوسری قسم(۲) خواب مثل فلق الصبح منفرد ومشترک۔کبھی ایسا ہوتا ہے کہ انسان رؤیا میں دیکھتا ہے کہ دیوار گرگئی اور دوسرے دن واقعہ میں ایسا ہی ہوتا ہے۔بارش برستی ہے اور مکان کی دیوار گر جاتی ہے۔یہ خواب بھی کبھی تو منفرد ہوتی ہے اور کبھی دوسرے کو بھی ویسی ہی خواب آجاتی ہے اور جو کچھ دیکھا جاتا ہے ویسا ہی ظہور میں آجاتا ہے۔یہ نہیں ہوتا کہ اس کی تعبیر ظاہر ہو بلکہ جس رنگ میں خواب کے ذریعہ کوئی بات بتائی جاتی ہے اسی رنگ اور اسی شکل میں فلق الصبح کی طرح وہ بات پوری ہوجاتی ہے۔اس قسم کی خوابوں کا بھی مجھے اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہت تجربہ ہے اور میں نے دیکھا ہے بسا اوقات جس طرح رات کو ایک نظارہ دیکھا جاتا ہے ویسا ہی دن کو ہونے لگ جاتا ہے۔اور چونکہ اس قسم کے واقعات بڑی کثرت سے ہوئے ہیں اس لئے بعض دفعہ تو وہم سا ہونے لگتا ہے کہ کیا یہ واقعہ دوبارہ تو نہیں ہو رہا۔یہ خواب بھی بعض دفعہ منفرد ہوتی ہے اور بعض دفعہ مشترک۔یعنی کبھی تو اس قسم کی خواب دیکھنے میں کوئی دوسرا شریک نہیں ہوتا لیکن کبھی ویسا ہی نظارہ دوسرے لوگ بھی دیکھ لیتے ہیں۔تیسری قسم (۳) نظارہ نیم خواب تعبیر طلب منفرد و مشترک۔بعض دفعہ انسان پورے طور پر سویا ہوا نہیں ہوتا بلکہ نیم خواب کی سی حالت اس پر طاری ہوتی ہے۔کچھ جاگ رہا ہوتا ہے اور کچھ غنودگی کی طرف اس کی طبیعت مائل ہوتی ہے کہ اس حالت نیم خوابی میں وہ ایک نظارہ دیکھتا ہے جو تعبیر طلب ہوتا ہے۔یہ نظارہ بھی دونوں قسم کا ہوتا ہے یعنی منفرد بھی ہوتا ہے اور مشترک بھی۔چوتھی قسم (۴) نظارہ نیم خواب مثل فلق الصبح منفرد و مشترک۔انسان بعض دفعہ نیم خوابی کی حالت میں ایک نظارہ دیکھتا ہے مگر وہ تعبیر طلب نہیں ہوتا بلکہ بعینہٖ اسی رنگ میں پور اہوجاتا ہے جس رنگ میں اس نے نظارہ دیکھا ہوتا ہے۔یہ نظارہ بھی منفرد اور مشترک دونوں قسم کا ہوتا ہے۔پانچویں قسم (۵) نظارہ بیداری تعبیر طلب منفرد و مشترک۔بعض دفعہ بیداری میں ایک نظارہ دیکھا جاتا ہے لیکن وہ ہوتا تعبیر طلب ہے۔ایک دفعہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے پاس ایک شخص آیا اور اس نے کہا کہ میں نے فلاں دن آپؑکو فلاں اسٹیشن پر دیکھا تھا کیا آپ وہاں تشریف لے گئے تھے؟ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا کہ ہم تو وہاں نہیں گئے معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے کشفی طور پر ہمیں دیکھا ہوگا۔تو بعض دفعہ عین بیداری کی حالت میں ایک نظارہ دکھایا جاتا ہے مگر وہ ہوتا تعبیر طلب ہے۔یہ نظارہ بھی منفرد اور مشترک دونوں قسم کا ہوتا ہے۔