تفسیر کبیر (جلد ۱۴)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 482 of 651

تفسیر کبیر (جلد ۱۴) — Page 482

اور معنے یہ ہوں کہ کیا تو نے اس شخص کو جو دین کا انکار کرتا ہے دیکھا ہے اور مطلب یہ ہو کہ اس قسم کا انکار کرنے والے کو یقیناً تونے دیکھا ہے اور ہمزہ انکار کے لئے نہ ہو بلکہ اقرار کے لئے ہو جیسے اَلَمْ تَرَ میں نفی نہیں بلکہ اقرار ہے۔مگر دراصل یہاں رؤیت بصری نہیں بلکہ رؤیتِ قلبی ہی ہے۔کیونکہ مختلف اشخاص کو جب دیکھنے کا ذکر ہو تو اس وقت رؤیتِ بصری مراد نہیں ہو سکتی۔آخر يُكَذِّبُ بِالدِّيْنِ سے کوئی ایک شخص تو مراد نہیں بلکہ سارا مکہ دین کی تکذیب کر رہا تھا۔بلکہ سب دنیا ہی ایسا کر رہی تھی۔اور جب ایک قوم کا ذکر ہو تو اس وقت رؤیتِ بصری نہیں بلکہ قلبی ہی مراد ہوسکتی ہے اور ایک وجود کے ذکر سے محض تشخّصِ ذہنی مراد ہوتا ہے ہم قوم کے فعل یا عمل یا طریقہ کا ایک وجود تسلیم کرکے کہتے ہیں کہ وہ ہماری آنکھوں کے سامنے آگیاہے۔پس حوفی کے ان معنوں کو مدّ ِنظر رکھا جائے تب بھی دراصل رؤیتِ بصری نہیں بلکہ رؤیتِ قلبی ہی کا ذکر اس آیت میں پایا جاتا ہے۔اس میں شبہ نہیں کہ ان معنوں کے رو سے مفعول ایک ہی سمجھا جائے گا لیکن مراد رؤیتِ قلبی ہی لی جائے گی۔بہرحال یہ حوفی کا خیال ہے ان کے سوا سب علماء اس بات پر متفق ہیں کہ اس آیت میں رؤیتِ قلبی ہی مراد لی جا سکتی ہے۔میں پہلے کئی دفعہ بیان کر چکا ہوں کہ قرآن کریم جو الفاظ استعمال کرتا ہے یامحاورے استعمال کرتا ہے ان کے جس قدر معنے ہوں وہ سب کے سب اگر سیاق و سباق کے لحاظ سے چسپاں ہو سکتے ہوں تو آیت کے صحیح معنے سمجھے جائیں گے۔پس اَلدِّیْن کے جو معنے میں نے اوپر بیان کئے ہیں ان میں سے جو معنے بھی اس سورۃ کے مضمون کے مطابق ہوں ان کی طرف آیت کا اشارہ سمجھا جائے گا اور کسی کو اختیار نہیں کہ ان میں سے کسی معنے کو ردّ کرے۔پس میں ان مختلف معانی کو مدّ ِنظر رکھتے ہوئے اس آیت کی تفسیر کرتا ہوں۔دین کے تیرہ معنے اَرَءَیْتَ الَّذِیْ یُکَذِّبُ بِالدِّیْنِ (۱)مجھے بتا تو سہی کہ و ہ جو جزا سزا کا انکار کرتا ہے وہ کون ہے؟ (۲)یا مجھے بتا تو سہی کہ وہ جو اطاعت کا منکر ہے یعنی نظام یا اطاعت کا منکر ہے وہ کون ہے ؟ (۳)یا مجھے بتا تو سہی کہ وہ جو حق و انصاف کے غلبہ کا منکر ہےوہ کون ہے؟(۴)یا مجھے بتا تو سہی کہ حکومت الٰہیہ کا منکر کون ہے؟ (۵)یا مجھے بتا تو سہی کہ مذہب کا منکرکون ہے؟ (۶) یا مجھے بتا تو سہی کہ عبادت ِالٰہیہ کا منکر کون ہے؟ (۷)یا مجھے بتا تو سہی کہ قومی شیرازہ بندی یا دوسرے لفظوں میںمذہبی شیرازہ بندی کا منکر کون ہے؟ (۸)یا مجھے بتا تو سہی کہ شبہات سے محفوظ رہنےاور ان سے بچنے کی خواہش کا منکر کون ہے؟ (۹) یا مجھے بتا تو سہی کہ عادت کی طاقت اور اس کے اثرات کا منکر کون ہے؟ (۱۰)یا مجھے بتاؤ تو سہی کہ تدبیر صحیحہ کا منکر کون ہے؟ (۱۱)یا مجھے بتا تو سہی کہ قضاءِ الٰہی کا منکرکون ہے؟ (۱۲)یا مجھے بتا تو سہی کہ اللہ تعالیٰ کی جلوہ آرائیوں اور اس کی جلوہ نمائیوں کامنکر کون ہے؟