تفسیر کبیر (جلد ۱۳)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 294 of 652

تفسیر کبیر (جلد ۱۳) — Page 294

کے مطابق معلوم ہوتی ہے جو ان دنوں رائج تھا۔صرف دو فرق ایسے ہیں جو خاص طور پر توجہ کے قابل ہیں۔پہلا فرق یہ ہے کہ یسوع مسیحؑ کو درد کی طرف سے بے حس کرنے کے لئے ایک دوائی دی گئی جس کا پلایا جانا یہودیوں کے ایک ہمدردانہ قانون کے مطابق تھا۔یہ دوا جو پلائی جاتی تھی مُر اور شراب کا ایک مرکب ہوتی تھی اور اس لئے دی جاتی تھی تاکہ سزا پانے والے مجرم میں احساس درد باقی نہ رہے اور نشہ کی وجہ سے اسے تکلیف محسوس نہ ہو۔پس گو انجیل میں یہ لکھا ہے کہ اسفنج کو سرکہ میں بھگو کر حضرت مسیحؑ کو چوسنے کے لئے دیا گیا مگر دراصل یہ سرکہ نہیں تھا۔بلکہ ایک دوا تھی جو شراب اور مُر کو ملا کر تیار کی جاتی تھی اور یہ مرکب خاص اور اہم لوگوں کو زخموں کی تکلیف کم کرنے کے لئے دیا جاتا تھا۔حضرت مسیحؑ کو بھی پہرہ دار نے یہ مرکب دیا۔جس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ پہر دار جو کہ اس موقعہ پر پیلاطوس کی طرف سے مقرر کئے گئے تھے حضرت مسیحؑ کے مرید تھے اور وہ چاہتے تھے کہ حضرت مسیحؑ کی تکلیف کو جس قدر ہوسکے کم کیا جائے۔اسی طرح پیلاطوس کا حضرت مسیحؑ کو جمعہ کے دن کے آخری حصہ میں صلیب پر لٹکانا اس بات کا ایک بین ثبوت ہے کہ پیلاطوس دل سے چاہتا تھا کہ حضرت مسیحؑ صلیب سے بچ جائیں۔اس لئے اس نے سبت کے قریب کے دن کے آخری حصہ میں آپ کو صلیب دینے کا حکم دیا تاکہ قلیل سے قلیل عرصہ آپ صلیب پر رہیں اور اس طرح آپ ہلاکت سے محفوظ رہیں۔چنانچہ جیوش انسائیکلوپیڈیا نے بھی اس بات کو لیا ہے کہ یہ بالکل غیر معمولی اور خلاف قاعدہ فعل تھا جس کا پیلاطوس نے ارتکاب کیا۔لکھا ہے۔"The greatest difficulty from the point of view of the Jewish Panel procedure is presented by the day and time of the execution۔According to the Gospels, Jesus died on Friday the eve of Sabbath۔Yet on that day, in view of the approach of the Sabbath (or holiday), executions lasting until late in the afternoon were almost impossible۔(Sifre, II-221: Sanh۔35B: Mekilta to Wayakhel)۔(Jewish Encyclopedia Under Word Crucifixion) یعنی سب سے بڑی مشکل جو یہودی قانونِ تعزیر کے سلسلہ میں ہمارے سامنے پیش آتی ہے وہ اس وقت اور دن کی تعیین سے تعلق رکھتی ہے جس میں یسوع مسیحؑ کو صلیب پر لٹکایا گیا۔انجیل کے رو سے یسوع جمعہ کے دن سبت کی شام کو مرا حالانکہ یہودی قانون کے مطابق اس دن کوئی شخص صلیب پر لٹکایا نہیں جاسکتا تھا کیونکہ سبت کے قرب کی