تفسیر کبیر (جلد ۱۳) — Page 127
کی عظمت اُس کی نگاہ سے زائل ہو جاتی ہے۔غرض دو اوقات میںہی شریعتیں بدلی جاتی ہیں کبھی ضُـحٰی کے وقت شریعتیں بدلی جاتی ہیں اور کبھی لَیْل کے وقت۔ضُـحٰی کے وقت عیاشی کے لئے احکام شرعیہ کو قومیں بدل دیتی ہیں اور لَیْل کے وقت یا تودشمن ان کی کتابوں کو جلا دیتے ہیں اور یا اپنی کمزوری کی وجہ سے وہ خود ہی اُس کی حفاظت کا فرض سر انجام نہیں دے سکتیں۔جیسے بخت نصر جب یہود کو جلا وطن کر کے لے گیا تو وہ یہودی قوم کے لئے لَیْل کا وقت تھا۔جب وہ واپس اپنے وطن میںآئے تو ان کی کتاب تورات غائب تھی۔چنانچہ اس وقت عزرا نبی نے مع چند احبار کے تورات کو اکٹھا کیا مگر بہرحال وہ ویسی نہیں تھی جیسی حضرت موسیٰ علیہ السلام پر نازل ہوئی تھی۔(APOCRYPHA:11 Esdras Xiv Page:44 to 46) غرض شرائع دو زمانوں میں بدلی جاتی ہیں یا ترقی کے زمانہ میںیا تنزل کے زمانہ میں۔ترقی کے زمانہ میں قوم شریعت کو اس لئے بدلتی ہے تا کہ وہ عیاشی میں حصہ لے سکے اور تنزل کے زمانہ میںقوم کی غفلت اور کوتاہی سے شرعی احکام بدلے جاتے ہیں یا دشمن شریعت کی کتابوں کو جلا دیتا ہے تا کہ یگا نگت اور اتحاد کی روح قوم میں سے مٹ جائے۔اللہ تعالیٰ اس امر کا ذکر کرتے ہوئے فرماتا ہے یہ دونوں حالتیںتیری قوم پر نہیں آئیںگی اور ترقی اور تنزل دونوں دور میںہم تیرے ساتھ رہیں گے اور تیرے کام کو تباہ نہیںہونے دیں گے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم تو آخر ایک دن فوت ہونے والے تھے صرف قرآن ہی ایک ایسی کتاب تھی جو قیامت تک موجود رہنے والی تھی اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ خواہ تیری قوم پر ترقی کے اوقات آئیںیا تنزل کی گھڑیاں آئیںہم اس کلام کو جو تجھ پر نازل کیا گیا ہے کبھی بدلنے نہیں دیں گے اور ہمیشہ اس کی حفاظت کریں گے۔اصل بات یہ ہے کہ محض قومی تنزل کوئی حقیقت نہیں رکھتا وہ تنزل تو افراد کی خرابی پردلالت کرتا ہے اگر کوئی قوم تنزل کے بعد ترقی کر جائے تو پھر اس کی گزشتہ ناکامیوں کا داغ دُھل سکتا ہے لیکن اگر شریعت بدل جائے اور قوم ترقی کر جائے تو اس ترقی کا قطعاً کوئی فائدہ نہیں ہو سکتا۔پس جو چیز اہمیت رکھتی ہے وہ محض قومی تنزل نہیںیا لوگوں کی حالت کا بدل جانا نہیں بلکہ اصل اہمیت رکھنے والی چیز رسول کا بدل جانا ہے یعنی اس کی تعلیم کا بدل جانا اور اُس کے کلام کا خراب ہوجانا۔سو اس کی حفاظت کا اللہ تعالیٰ ان آیات میںوعدہ کرتا ہے اور فرماتا ہے کہ ترقی اور تنزل دونوں دور میںہم اس کلام کی حفاظت کریںگے جو تجھ پر نازل کیا گیا ہے۔وَ لَلْاٰخِرَةُ خَيْرٌ لَّكَ مِنَ الْاُوْلٰى ؕ۰۰۵ اور (دیکھ تو سہی کہ ) تیری ہر پیچھے آنے والی گھڑی پہلی سے بہتر ہوتی ہے۔