تفسیر کبیر (جلد ۱۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 515 of 615

تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 515

ہے۔اور ہمارے ہندوستانی نَو تعلیم یافتہ جب کوئی بات اُن کے مُنہ سے سُنتے ہیں تو سمجھتے ہیں کہ وہ وحی الٰہی سے بھی زیادہ مقدّس ہے۔حالانکہ اگر غور سے کام لیا جائے تو ایک ڈھکونسلے سے زیادہ اُس کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی۔بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ۰۰۱ (مَیں) اللہ (تعالیٰ) کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے (شروع کرتا ہوں)۔وَ السَّمَآءِ ذَاتِ الْبُرُوْجِۙ۰۰۲وَ الْيَوْمِ الْمَوْعُوْدِۙ۰۰۳ (مجھے) قسم ہے بُرجوں والے آسمان کی۔اور اُس دن کی بھی جس کا وعدہ ہے۔حَلّ لُغَات۔بُرُوْجٌ۔بُرُوْجٌ بُرْجٌ کی جمع ہے۔اور بُرْجٌ کے معنے عربی زبان میں اَلرُّکْنُ وَالْحِصْنُ وَالْقَصْرُ کے ہیں۔یعنی عمارت کے مضبوط حصّہ یا قلعہ یا محل کو بُرج کہتے ہیں۔نیز ستاروں کی گردش کی جگہ کو بھی بُرج کہتے ہیں (اقرب) اسی طرح کہتے ہیں بَرِجَتْ عَیْنُہٗ بَرَجًا کَانَ بَیَاضُھَا مُحْدَقًا بِاالسَّوَادِ کُلِّہٖ لَا یَغِیْبُ مِنْ سَوَادِ ھَا شَیْءٌ فَھِیَ بَرْجَائُ وَجَمْعُھَا بُرْجٌ۔یعنی جب آنکھ کے متعلق بَرِجَتْ کا لفظ استعمال کریں تو مطلب یہ ہوتا ہے کہ آنکھ کی سیاہی کا اس کی سفیدی نے چاروں طر ف سے خوب گھیرا کیا ہوا ہے اور وہ عورت جس کی آنکھ اِس قسم کی ہو اس کو بَرْجَائُ کہتے ہیں۔اور بہت سی عورتوں کو بُرْجٌ کہتے ہیں۔اِسی سے یہ محاورہ ہے کہ رَأَیْتُ بُرْجًا فِیْ بُرْجٍ یعنی مَیں نے ایک قلعہ میں بہت سی خوبصورت عورتیں دیکھیں جن کی آنکھوں کی سفیدی نے اُن کی آنکھوں کی سیاہی کا احاطہ کیا ہوا تھا۔(اقرب ) گویا بُرْجٌ مفرد بھی ہے اور اِس کے معنے رُکْن ؔ۔حِصن ؔ۔اور قصر ؔ کے ہیں اور برْجٌ جمع بھی ہے جس کا مفرد بَرْجَائُ ہے۔اور اِس کے معنے یہ ہوتے ہیں کہ وہ عورت جس کی آنکھوں کی سفیدی سیاہی کے چاروں طرف ہو۔اس کا یہ مطلب نہیں کہ بعض عورتوں کی آنکھوں کی سیاہی ساری آنکھ میں پھیلی ہوئی ہوتی ہے۔بلکہ مطلب یہ ہے کہ اُس کی آنکھیں بڑی ہیں پُتلی خوب کھلتی ہے اور سفیدی نظر آجاتی ہے۔تفسیر۔بروج سے مراد بارہ ستاروں کے بارہ مقامات فرماتا ہے ہم شہادت کے طور پر آسمان کو پیش کرتے ہیں جو بروج والا ہے۔یہ بروج کیا ہے؟ مفسرین نے اِس سے مراد علمِ ہیئت کے بروج لئے ہیں۔وہ کہتے ہیں بارہ ستاروں کے لئے بارہ بُرج ہوتے ہیں جن کے نام یہ ہیں (۱)اَلْحَمْلُ (۲)اَلثَّوْرُ (۳)اَلْجَوْزَاءُ (۴)اَلسَّرْطَانُ (۵)اَلْاَسَدُ (۶)السُّنْبَلَۃُ (۷)اَلْمِیْزَانُ (۸)اَلْعَقْرَبُ (۹)اَلْقَوْسُ