تفسیر کبیر (جلد ۱۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 456 of 615

تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 456

حکمت یہ نکتہ بھی یاد رکھنے کے قابل ہے کہ سجّین کا لفظ جو کفّار کے لئے استعمال ہوا تھا مفرد تھا مگر عِلِّیِّین کا لفظ جو مومنوں کے لئے استعمال ہوا ہے وہ جمع کا لفظ ہے اس فرق سے اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ کافر کی سزا کو اللہ تعالیٰ بڑھاتا نہیں مگر مومن کے انعام کو بڑھاتا چلا جاتا ہے جس کی وجہ سے کافر تو ایک ہی قید خانہ میں پڑا رہتا ہے لیکن مومن گھر بدلتا جاتا ہے ایک گھر کے بعد اُس سے اعلیٰ گھر اُسے ملتا ہے اور اس کے بعد اس سے اعلیٰ گھر۔اسی طرح خدا تعالیٰ اُسے کئی دنیائوں کی سیر کرا دیتا ہے اس لئے مومن کے گھر کئی ہوں گے اور کافر کا گھر ایک۔پس کافر کے گھر کے لئے مفرد لفظ استعمال ہوا او ر مومن کے لئے چونکہ کئی گھر ہونے تھے اس کے بارہ میں جمع کا لفظ استعمال کیا۔اِنَّ الْاَبْرَارَ لَفِيْ نَعِيْمٍۙ۰۰۲۳ نیکی میںبڑھے ہوئے لوگ یقیناً نعمت (کے مقام) میں رکھے جائیںگے۔حَلّ لُغَات۔نَعِیْم نَعِیْم کے لئے دیکھو سورہ انفطار آیت نمبر ۱۴۔تفسیر۔یہاں اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایا کہ نعمت اُن پر ہو گی بلکہ یہ فرمایا کہ وہ نعمت میں ہوں گے۔اس سے مراد یہ ہے کہ تمام ماحول کو اُن کے لئے نعمت بنا دیا جائے گا۔کسی چیز کو کسی انسان پر گرایا جائے تو وہ گِر کر پھیل جاتی ہے۔اس کی یُوں مثال سمجھ لو کہ ایک شخص پر پانی کا لوٹا گرایا جائے اور ایک شخص ایسا ہو جو تالاب میں کود جائے۔پانی کو تو یہ دونوں چھوئیں گے مگر پانی سے اُس کا تعلق جس پر ایک لوٹا گرایا گیا ہے اور اس کا جو تالاب میں کُودا ہے ایک نمایاں فرق رکھتا ہو گا۔پس اِنَّ الْاَبْرَارَ لَفِیْ نَعِیْمٍ کا یہ مطلب ہے کہ اُن کے لئے تمام ماحول نعمت کا بنا دیا جائے اور وہ ایسا ہی ہو گا جیسے کوئی تالاب میں کود جاتا ہے گویا خدا تعالیٰ کی نعمت ان کو چاروں طرف سے ڈھانپ لے گی۔عَلَى الْاَرَآىِٕكِ يَنْظُرُوْنَۙ۰۰۲۴ چھپر کھٹوں پر (بیٹھے سب حال) دیکھ رہے ہوں گے۔حَلّ لُغَات۔اَرَآئِکَ:اَرَآئِکُ اَرِیْکَۃٌ کی جمع ہے اور اس کے معنے ہوتے ہیں سَرِیْرٌ مُنَجَّدٌ مُزَیَّنٌ فِیْ قُبَّۃٍ اَوْ بَیْتٍ فَاِذَا لَمْ یَکُنْ فِیْہِ سَـرِیْرٌ فَھُوَ حَجْلَۃٌ (اقرب)۔ایک ایسا تخت جو مزین ہو۔نقش ونگار والا ہو۔سونے کا کام اُس پر کیا گیا ہو۔اور اُس کو ایک قُبّہ یا ایک کمرہ میں رکھا گیا ہو۔مطلب یہ کہ اسے پردہ دار بنایا گیا ہو