تفسیر کبیر (جلد ۱۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 392 of 615

تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 392

دیا ہے حقیقت یہ ہے کہ انسان کا کوئی عمل ضائع نہیں جاتا وہ ضرور کوئی نہ کوئی نشان چھوڑ جاتا ہے حتیٰ کے بعض دفعہ آنے والی نسلوں پر جا کر وہ عمل ظاہر ہوتا ہے پہلے لوگ حیران ہوتے تھے کہ اعمال کس طرح لکھے جاتے ہیں مگر اب وائرلیس اور فونو گراف کی ایجاد نے ایک نیا ثبوت اس امر کا مہیا کر دیا ہے کہ انسانی اعمال محفوظ رکھے جا سکتے ہیں۔قیامت کے دن ہاتھ پاؤں کا گواہی دینا قرآن کریم نے قیامت کے دن کے متعلّق جو کچھ کہا ہے ہم اس پر ایمان لاتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ اس دن ایسا ہی ہو گا انسا ن کے ہاتھ اور پیر گواہی دیں گے کہ وہ کیا کرتا رہا ہے اور کیسے اعمال اس سے سرزد ہوتے رہے ہیں ممکن ہے کوئی آلہ ایسا ہوجس پر قیامت کے دن انسان کے ہاتھ پیر اور زبان وغیرہ رکھ دئے جائیں اور یہ اعضاء تمام گزشتہ باتوں کو دہرانا شروع کر دیں گویا ایک ریکارڈ اُس وقت لگ جائے اور انسان سے کہا جائے کہ لو اب سُن لو تم کیا کچھ کرتے رہے ہو۔اُس وقت وہ کہیں گالیاں دیتا نظرآئے گا۔کبھی تسبیح کرتا دکھائی دے گا کہیں جھوٹ بولتا دیکھا جائے گا اور وہ اپنے ہی اعمال کو دیکھ کر شرمندہ ہو گا کہ مَیں کیا کرتا رہا ہوں۔قیامت کے دن مومنوں کا سرسری حساب قرآن کریم میں مومنوں کے متعلق آتا ہے کہ اُن سے حِسَابًا یَّسِیْرًا ( انشقاق:۹) لیا جائے گا اس کا مطلب مَیں یہی سمجھتا ہوں کہ چونکہ مومن کو اللہ تعالیٰ نے معاف کرنا ہو گا اس لئے وہ اسے بدنام نہیں کرے گا اور اس کے اعمال کی تفصیلات دریافت نہیں کرے گا صرف اتنا پوچھ لے گا کہ ٹوٹل ٹھیک ہے یا نہیں۔جب کہا جائے گا کہ ٹوٹل ٹھیک ہے تو اللہ تعالیٰ کہے گا اسے لے جائو جنت میں۔اس طرح اس کی بدیوں پر پردہ پڑا رہے گا لیکن جس کا ٹوٹل ٹھیک نہیں ہو گا اس کے متعلق خدا کہے گا کہ نکالو اس کا اعمال نامہ۔اور اس کا ایک ایک عمل اس کے سامنے پیش کرو۔اس طرح اس کی بدیاں ایک ایک کر کے سامنے لائی جائیں گی اور وہ اوّلین و آخرین میں شرمندہ اور ذلیل ہو گا۔اِنَّ عَلَيْكُمْ لَحٰفِظِيْنَمیں مامور اور اس کی جماعت کی طرف اشارہ لیکن اگر اِنَّ عَلَيْكُمْ لَحٰفِظِيْنَ کِرَامًا کَاتِبِیْنَ کو عیسائیت کے لئے مخصوص قرار دیا جائے تو پھرمیں سمجھتا ہوں اس سے مراد وقت کا مامور اور اس کی جماعت ہے۔فرماتا ہےوَ اِنَّ عَلَيْكُمْ لَحٰفِظِيْنَ ہم ایسے لوگ پیدا کریں گے جو تمہاری مشرکانہ باتوں کو نوٹ کریں گے اُن کو محفوظ کریں گے اور ان کو یاد رکھیں گے کیوںکہ اُن کا کام یہ ہو گا کہ وہ تمہاری ان باتوں کا ردّ کریں اور تمہارے اس زہر کا ازالہ کریں پس چونکہ وہ تمہارے ان مشرکانہ عقائد کی تردید کے لئے کھڑے ہوں گے اس لئے وہ ان باتوں کو نوٹ کرتے چلے جائیں گے یَعْلَمُوْنَ مَا تَفْعَلُوْنَ اور جو کچھ تم کرو گے اس سے وہ خوب واقف ہوں