تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 310
ہوا کہ انگریزوں نے اُن کو بے دخل کر دیا اور خود زمینوں پر قبضہ کر لیا۔یہی حال امریکہ کا ہے وہاں ریڈ انڈینز RED INDIANSکی حکومت ہوا کرتی تھی اور شمالی اور جنوبی امریکہ سب اُن کے قبضہ میں تھا مگر انہوں نے سو سال میں اُن سب کو بے دخل کر دیا اور خود تمام علاقہ پر قبضہ کر لیا۔(۷)حُشِرَتْ کے ایک معنے چونکہ اُھْلِکَتْ کے بھی ہیں اس لئے اس آیت کے ایک یہ معنے بھی ہو سکتے ہیں کہ اُنہیں قِسم قِسم کی تدابیر سے ہلاک کر دیا جائے گا۔چنانچہ قدیم باشندوں کو یوروپینز نے قِسم قِسم کی اذّیتیں دے کر ہلاک کر دیا۔اب ایک ریاست کے متعلق میں نے پڑھا ہے کہ اُس میں صرف تیرہ۱۳ قدیم باشندے باقی ہیں حالانکہ پہلے لاکھوں کی تعداد میں تھے۔اسی طرح آسٹریلیا کے پُرانے باشندوں کا اب کہیں پتہ نہیں چلتا ان سب کو جو لاکھوں کی تعداد میں تھے یوروپین لوگوں نے قسم قسم کی تکالیف اور دُکھوں سے ایسا مٹایا کہ اب معلوم بھی نہیں ہوتا کہ وہ کہاں گئے۔وَ اِذَا الْبِحَارُ سُجِّرَتْ۪ۙ۰۰۷ اور جب دریائوں (کے پانیوں) کو (نکال کر دوسری طرف) بہایا جائے گا۔حَلّ لُغَات۔بِحَارٌ بِحَارٌ جمع ہے بَحْرٌ کی اور اَلْبَحْرُ کے معنے ہیں خِلَافُ الْبَرِّ یعنی بحر کا لفظ خشکی کے مقابلہ میں استعمال ہوتا ہے۔اسی طرح اس کے معنے ہیں۔اَلْمَآءُ الْمِلْحُ۔نمکین پانی والی جگہ یعنی سمندر۔وَکُلُّ نَھْرٍ عَظِیْمٍ۔ہر بڑا دریا۔کُلُّ مُتَوَسِّعٍ فِیْ شَیْئٍ۔ہر چیز میں وسعت رکھنے والا وجود۔فَالرَّجُلُ الْمُتَوَسِّعُ فِیْ الْعِلْمِ بَحْرٌ وَالْفَرَسُ الْمُتَوَسِّعُ فِیْ جَرْ یِہٖ بَحْرٌ۔ہر وہ آدمی جس کا علم وسیع ہو اسے بحر کہتے ہیں اور ہر وہ گھوڑا جو بہت تیز دوڑتا ہو اُسے بھی بحر کہتے ہیں (اقرب) غرض جس چیز میں بھی غیر معمولی وسعت پائی جاتی ہو عربی زبان میں اُسے بحر کہا جاتا ہے بُحُوْرٌ وَاَبْحُرٌ وَبِحَارٌ اس کی جمع ہیں۔سُجِّرَتْ سُجِّرَتْ سَجَّرَ سے مجہول مؤنث کا صیغہ ہے اور سَجَّرَ الْمَآئُ کے معنے ہوتے ہیں فَـجَّرَہُ اس نے پانی کو پھاڑا اور سَـجَّر التَّنُورَ کے معنے ہوتے ہیں مَلَأَہٗ بِالْحَطَبِ لِیَحْمِیَہٗ۔تنور کو لکڑیوںسے بھر دیا تا کہ اُس کو گرم کرے۔وَفِیْ الْقُرْاٰنِ وَاِذَااالْبِحَارُ سُجِّرَتْ قِیْلَ اَیْ اُحْمِیَتْ بِتَفْجِیْرِ بَعْضِھَا اِلٰی بَعْضٍ حَتّٰی یَعُوْدَ بَحْرًا وَاحِدًا۔لُغت میں جو لکھا ہے کہ قرآن میںجو آتا ہے اِذَاالْبِحَارُ سُجِّرَتْ۔اس کے یہ معنے کئے جاتے ہیں کہ