تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 197
(یعنی ساتھ) کے بھی ہوتے ہیں (اقرب) پس وَالْاَرْضَ بَعْدَ ذَالِکَ دَحٰھَا کے دونوں معنے ہو سکیں گے (۱) زمین کو اس کے بعد بچھایا (۲) زمین کو اس کے بننے کے ساتھ ساتھ ہی بچھایا۔دَحٰی دَحٰی کے معنے ہوتے ہیں بَسَطَ یعنی اُس نے پھیلایا (اقرب) دَحَی الْاَرْضَ۔اَوْسَعَھَا۔زمین کو وسیع بنا یا۔(لسان) تفسیر۔یہاں بَعْدَ ذَالِکَ کے دونوں معنے ہو سکتے ہیں بعدؔ کے بھی اور ساتھؔ کے بھی۔یعنی یہ معنے بھی ہو سکتے ہیں کہ نظامِ شمسی کے بعد زمین کو پھیلایا گیا اور یہ معنے بھی ہو سکتے ہیں کہ نظام شمسی کے ساتھ ہی زمین کوپھیلانے کا کام کیا گیا۔زیادہ صحیح معنے یہاں ساتھؔ کے ہی ہیں کہ ہم نے زمین کو اس نظام شمسی کے بنانے کےساتھ ہی بچھایا۔زمین کے پھیلائے جانے کے دو معنے یہاں اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ نظام شمسی کے پیدا ہونے پر زمین کو پھیلایا گیا ہے۔پھیلانے سے یہ مراد نہیں کہ اسے بستر کے طور پر پھیلایا گیا بلکہ یہ مراد ہے کہ اس کے بعد زمین رہنے کے قابل ہوئی۔جہاں تک جیالوجی کا تعلق ہے گو ہم اُس کے پابند نہیں مگر اُس کی تحقیق قرآن کریم کی اِس آیت کی پوری طرح تصدیق کرتی ہے۔علم طبقات الارض کے ماہرین اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ پہلے زمین میں شدید گرمی تھی گرمی کے ابخرات سے پانی بنا اور پھر لاوا نکل نکل کر پہاڑوں کی صورت میں تبدیل ہوتا چلا گیا۔یہ لازمی بات ہے کہ جب زمین میں سے کچھ مادہ نکل کر ایک بلند پہاڑ کی شکل اختیار کر لے گا تو دوسری طرف سے زمین نیچے دھنس جائے گی چنانچہ زلزلوںسے ایسا ہی ہوتا ہے کہ ایک طرف سے زمین اُوپر کو نکل کر آتی ہے اور دوسری طرف سے زمین نیچے چلی جاتی ہے۔جب زمین کا گرم مادہ نکل کر ایک طرف اونچا ہو گیا تو اس کا لازمی نتیجہ یہ تھا کہ دوسری طرف گڑھا پڑ جاتا۔چنانچہ جوں جوں پہاڑ بنتے چلے گئے زمین کا ایک حصہ نیچے کی طرف دبتا چلا گیا اور چونکہ پانی ہمیشہ ڈھلوان کی طرف جاتا ہے اس لئے جب زمین کا ایک حصّہ نیچا ہو گیا تو پانی وہاں جمع ہو کر سمندر بن گیا۔سمندر درحقیقت قائم مقام ہیں اُس مادہ کے جو زمین میںسے نکلا اور پہاڑوںکی شکل اختیار کر گیا۔جب ایک طرف پہاڑ بلند ہو گئے اور دوسری طرف پانی سمٹ کر نیچے کی طرف چلا گیا تو زمین کی سطح ہموار ہو گئی اور وہ انسانی آبادی کے قابل بن گئی۔مگر بہرحال یہ ایک قیاسی بات ہے ممکن ہے بعد میں کوئی اور تحقیقات اس کوغلط ثابت کر دے۔اسی طرح زمین کی پیدائش کے متعلق سائنس والوں کا نظریہ یہ ہے کہ زمین اور دوسرے اجرام نظام شمسی ایک کُرّہ کے جو ابھی ٹھوس نہ ہوا تھا حصّہ تھے جو اُس کی تیز گردش کی وجہ سے اُس سے کٹ کر الگ ہو گئے۔وہ کہتے ہیں جس طرح بچے بعض دفعہ آٹا لے کر زور سے گھماتے ہیں اور اس کے ٹکڑے ادھر ادھر جا پڑتے ہیں۔اسی طرح اس نیم سیّال کرّہ