حقائق الفرقان (جلد ۴) — Page 269
تو ایک حصّہ میں چل کر وہ منکر ہو جاتا ہے۔مَیں نے بعض چوروں سے پوچھا کہ اعلیٰ درجہ کی چوری میں مال پر ہاتھ تو مشکل سے پہنچتا ہے۔پھر کسی کے ہاتھ سے نکلواتے ہو۔کسی کے سر پر رکھتے ہو۔کسی سنار کو دیتے ہو کہ وہ زیوارات کی شکل وہیئت کو تبدیل کر دے۔اس نے کہا کہ ایسا ہوتا ہے کہ ہم سُنار کو سو روپے کی چیزیں پچہتر روپے میں دیتے ہیں۔مَیں نے کہا کہ اگر وہ سو روپے کی چیز ساٹھ روپے میں رکھ لے تو پھر ہم کیا کرو۔تو مجھے جواب دیا کہ ایسے حرامزادے بے ایمان کو ہم اپنی جماعت سے نکال دیں گے! میں نے کہا کہ وہ بے ایمان بھلا کیسے ہو؟ کہنے لگا۔کہ چوری ہم کریں۔مصیبت ہم اٹھائیں اور مال وہ کھا جائے۔تو پھر بھی اگر بے ایمان نہ ہو تو اَور کیا ہو گا! مَیں نے کہا۔اچھا وہ سُنار تو صرف تمہاری اتنی ہی سی مشقّت برداشت کی ہوئی دولت کو غبن کر کے بے ایمان اور حرام زادہ ہو گیا مگر تم جو اوروں کی برسوں تک مصیبت اٹھا اٹھا کر جمع کی ہوئی دولت کو چُرا لاتے ہو۔بے ایمان اور حرام زادے نہیں؟ اس کا جواب مجھے کسی نے کچھ نہیں دیا! اسی طرح مَیں نے ایک کنچن سے پوچھا کہ تم اس پیشہ کو بُرا نہیں سمجھتے؟کہا۔کہ نہیں! مَیں نے کہا کہ اپنی بیوی سے زنا کرا سکتے ہو؟ کہا کہ غیر کی لڑکی کو خراب کرنا اچھا نہیں! مَیں نے کہا کہ تم نے خراب کا لفظ بولا ہے۔بھلا تو بتاؤکہ جو لوگ تمہارے یہاں زناکرنے کے لئے آتے ہیں۔کیا ان کے نزدیک وہ غیر کی لڑکی نہیں ہوتی؟ قیامت کے ثبوت میں اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے وَ لَآ اُقْسِمُ بِالنَّفْسِ اللَّوَّامَۃِ۔اگر جزا سزا نہ ہوتی تو نفسِ لوّامہ تم کو ملامت ہی کیوں کرتا۔نفسِ لوّامہ قیامت کا ثبوت ہے۔کیا انسان یہ خیال کرتا ہے کہ ہم ہدیوں کو جمع نہیں کر سکتے اور ہڈیاں تو الگ رہیں ہم تو پوروں کی ہڈیوں کو بھی جمع کر دیں گے۔بَلیٰ قَادِرِیْنَ عَلیٰ اَنْ نُّسَوِّیَ بَنَانَہٗ ہر ایک آدمی جب بدی کرتا ہے تو وہ اس کو بدی سمجھتا ہے۔تب ہی تو اس کو غالبًا چھپ کر کرتا ہے۔ایک شہر میں ایک بڑا آدمی تھا۔مجھ سے اس کی عداوت تھی۔مجھے خیال آیا۔مَیں اس کے پاس گیا۔وہاں لوگ جمع تھے۔جوں جوں لوگ کم ہوتے جاتے۔میں آگے بڑھتا جاتا تھا۔جب سب لوگ چلے گئے۔اور دو آدمی ایک اس کا منشی اور ایک شخص جو میرے دوست تھے رہ گئے تو اس نے میری طرف دیکھا اور کہا آج آپ کیسے آئے ہیں۔مَیں نے کہا کہ میں اس لئے آیا ہوں کہ آپ لوگوں کو نصیحت کرنیوالا کوئی نہیں۔کوئی ناصح تو آپ کو نصیحت نہیں کر سکتا۔کیونکہ آپ بڑے آدمی ہیں مگر ہر ایک بڑے آدمی کے لئے اس کے شہر میں کھنڈرات اس کے لئے ناصح ہوتے ہیں۔کیا آپ کے پاس کوئی ایسی یادگار