حقائق الفرقان (جلد ۴) — Page 7
مُردہ بھائی کا گوشت کھاتا ہے۔جیسے فرمایا اَیُحِبُّ اَحدَکُمْ اَنْ یَّاْکُلَ لَحْمَ اَخِیْہِ مَیْتًا؟ فَکَرِھْتُمُوْہُ! اب جو غیبت کرتا ہے وہ روزہ کیا رکھتا ہے۔وہ تو گوشت کے کباب کھاتا ہے اور کباب بھی اپنے مُردہ بھائی کے گوشت کے اور یہ بالکل سچّی بات ہے کہ غیبت کرنے والا حقیقت میں ہی ایسا بد آدمی ہوتا ہے۔جو اپنے مُردہ بھائی کے کباب کھاتا ہے۔مگر یہ کباب ہر ایک آدمی نہیں دیکھ سکتا۔ایک صوفی نے کشفی طور پر دیکھا کہ ایک شخص نے کسی کی غیبت کی۔تب اس سے قے کرائی گئی تو اس کے اندر سے بوٹیاں نکلیں جن سے بُو بھی آتی تھی۔یاد رکھو یہ کہانیاں نہیں۔یہ واقعات ہیں۔جو لوگ بدظنیاں کرتے ہیں۔جب تک اپنی نسبت بدظنیاں نہیں سن لیتے۔نہیں مرتے! اس لئے میں تمہیں نصیحت کرتا ہوں اور دردِ دل سے کہتا ہوں۔کہ غیبتوں کو چھوڑ دو۔بُغض اور کینہ سے اجتناب اور بکلّی پرہیز کرو اور بالکل الگ ۱؎ ماہ اکتوبر ۱۹۰۷ء۔مرتّب تھلگ رہو۔اس سے بڑا فائدہ ہو گا۔میری نہ کوئی جاگیر مشترک ہے۔نہ کوئی مکان مشترک ہے۔میرا کوئی معاملہ دنیا کا کسی سے مشترکہ نہیں۔اسی طرح میں اوروں پر قیاس کرتا ہوں کہ وہ بھی یہاں آ کر ۱؎ الگ تھلگ ہوں گے اور اگر کچھ بھی معمولی سے شراکت ہو گی بھی تو کوشش کرنے سے بالکل الگ رہ سکتے ہیں۔انسان خود بخود اپنے آپ کو پھندوں میں پھنسا لیتا ہے ورنہ بات سہل ہے جو لڑکے دوسروں کی نکتہ چینیاں اور غیبتیں کرتے ہیں۔اﷲ کریم ان کو پسند نہیں کرتا۔اگر کسی میں کوئی غلطی دیکھو تو خدا تعالیٰ اس کو راہِ راست پر چلنے کی توفیق دیوے۔یاد رکھو اﷲ کریم تَوَّابٌ رَّحِیْمٌ ہے۔وہ معاف کر دیتا ہے۔جب تک انسان اپنا نقصان نہ اٹھائے اور اپنے اوپر تکلیف گوارانہ کرے۔کسی دوسرے کو سُکھ نہیں پہنچا سکتا۔بدصحبتوں سے بہ کُلّی کنارہ کش ہو جاؤ۔خوب یاد رکھو۔کہ چوہڑی یا لوہار کی بھٹی یا کسی عطّار کی دکان کے پاس بیٹھنے سے ایک جیسی حالت نہیں رہا کرتی۔ظن کے اگر قریب بھی جانے لگو تو اس سے بچ جاؤ۔کیونکہ اس سے پھر تجسّس پیدا ہو گا۔اور اگر تجسّس تک پہنچ چکے ہو تو پھر بھی رک جاؤ کہ اس سے غیبت تک پہنچ جاؤ گے اور یہ ایک بہت بڑی بداخلاقی ہے۔اور مُردار کھانے کی مانند ہے۔ٌ: تقوٰی اختیار کرو اور پورے پورے پرہزگار بن جاؤ۔مگر یہ سب کچھ اﷲ توفیق دے تو حاصل ہوتا ہے۔ہم تو انباروں کے انبار ہر روز معرفت کے پیش کرتے ہیں۔گو فائدہ تو ہوتا ہے مگر ہم چاہتے ہیں کہ بہت فائدہ ہو اور بہتوں کو ہو خدا تعالیٰ توفیق عنایت فرمائے۔آمین ( الحکم ۳۱؍اکتوبر ۱۹۰۷ء صفحہ ۸۔۹) ۱۴۔ ۱؎ قادیان۔مرتّب