حقائق الفرقان (جلد ۳)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 89 of 632

حقائق الفرقان (جلد ۳) — Page 89

۲۶ تا ۳۵۔  اے میرے ربّ میرے سینے کو کھول دے اور میرا امر میرے لئے آسان کر دے اور میری زبان کی گرہ کھول کہ میری بات ( تبلیغ احکامِ الہٰی ) کو سمجھ لیں۔اور میرے خاندان سے میرے بھائی ہارون کو میرا بوجھ اٹھانے والا بنا۔اس سے میری پیٹھ کو تقویت دے اور میرے معاملہ میں اسے ساجھی بنا تو کہ ہم مل کر تیرے نام کی تقدیس کریں اور تجھے بہت یاد کریں۔( تصدیق براہین احمدیہ صفحہ ۱۶۹) : شرح صدریہ ہے کہ اﷲ تعالیٰ کے احکام کی فرماں برداری کیلئے دل تیار ہو جاوے۔جس کو انشراح صدر ہوتا ہے۔۱۔اﷲ پر ایمان ہوتا ہے۔۲۔ذکرِ الہٰی کرتا ہے ۳۔بہادر ہوتا ہے ۴۔آنکھ،زبان،اعضاء کسی امرِ لغو کا مرتکب نہیں ہوتا ۵۔اﷲ کی طرف جھکا رہتا ہے ۶۔مخلوق سے احسان کرتا ہے ۷۔دانا ہوتا ہے ۸۔عجز اور کسل کا اس میں نام نہیں ہوتا ۹۔متوکّل علی اﷲ ہوتا ہے ۱۰۔سعی والا ہوتا ہے۔مومن کو چاہیئے کہ: ا۔ہدایت کا علم سیکھے اور سکھائے ب۔شبہات کو دلائل۔دعا اور تدبیر سے دور کرے۔ج۔خواہشوں اور شہوتوں میں شیطان کا مقابلہ کرے۔د۔زبان ، جان، مال سے اﷲ کے دشمنوں کا مقابلہ کرے۔: عُقْدَۃ اللّسَان کلام میں روانگی نہ ہونے کا نام ہے۔(ضمیمہ اخبار بدر قادیان ۱۹؍مئی ۱۹۱۰ء صفحہ ۱۶۶۔۱۶۷)