حقائق الفرقان (جلد ۳) — Page 496
سُوْرَۃُ الزُّمَرِمَکِّیَّۃ ۲۔ لوگ معزّزوں اور حکیموں کی بڑی قدر کرتے ہیں۔اﷲ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یہ عزیز و حکیم کی کتاب ہے۔(ضمیمہ اخبار بدر قادیان ۱۷؍نومبر ۱۹۱۰ء صفحہ ۲۱۶) ۳۔ عبادت۔اعلیٰ سے اعلیٰ محبت معبود کی جس سے پرے کوئی درجہ نہ ہو۔اعلیٰ سے اعلیٰ درجہ کی عظمت معبود کی جس سے پرے کوئی درجہ نہ ہو۔اعلیٰ سے اعلیٰ درجہ کا تذلّل معبود کی خدمت میں جس سے پرے کوئی درجہ نہ ہو۔ایک برہمو نے مجھ سے کہا کہ آپ مکّہ معظّمہ کی پرستش کرتے ہیں۔میں نے کہا کہ پرستش کے کیا معنے ہیں بتاؤ۔اس نے کہا پُوجا۔میں نے کہا۔پُوجا کس کو کہتے ہیں۔تب اس نے پرستش کے معنے بتائے کہ اس کو کہتے ہیں جس میں دھیان ہو۔عظمت ہو۔میں نے ایک شخص سے کہا کہ ذرا نماز پڑھ کر دکھاؤ۔اس نے نماز پڑھی۔میں نے اس برہمو سے دریافت کیاکہ بتاؤ۔اس میں مکّہ معظمہ کا کوئی دھیان یا عظمت ہے یا دُعا ہے۔اختلاف کو دور کرنے کیلئے سب سے بڑی چیز دعا ہے۔یہ دُعا کا ہتھیار تمہارے ہاتھ میں ہے۔اعلیٰ درجہ کے ہتھیار کیلئے زبردست ہاتھ کی بھی ضرورت ہے۔ورنہ جھوٹے آدمی کی دُعا قبول نہیں ہوتی۔ناشکر کی بھی دعا قبول نہیں ہوتی۔تم میں سے ہر ایک کو بڑی نعمتوں کے حصّے ملے ہیں۔شکر گزار بنو۔اﷲ تعالیٰ کا کوئی بیٹا نہیںہوتا۔اﷲ تعالیٰ کے بیٹے کے یہ معنے ہیں کہ وہ کسی کو معزّر بنالے۔(ضمیمہ اخبار بدر قادیان ۱۷؍نومبر ۱۹۱۰ء صفحہ ۲۱۶)