حقائق الفرقان (جلد ۲) — Page 487
۶۷۔ اس رکوع میں اﷲ تعالیٰ نے یہ بتایا ہے کہ نبی کیوں آتے ہیں۔کتابیں کیوں لاتے ہیں۔وہ راستبازیاں جو یہ پیش کرتے ہیں قوموں میں پہلے سے کچھ نہ کچھ موجود ہوتی ہیں۔پھر یہ کیوں آتے ہیں۔چنانچہ دیکھو ہر قوم میں کچھ نہ کچھ خدا کی عبادت کا ذکر بھی ہے۔جھوٹ۔بدمعاملگی۔چوری زنا۔منع ہے۔بُرا ہے۔اور ان کے بالمقابل راست بازی۔خوش معاملگی۔امانت۔عفّت عمدہ ہے۔اﷲ تعالیٰ نے ان آیات میں نبوت کی وجہ بتائی ہے۔چنانچہ پہلے تو فرمایا کہ کتاب رفع اختلافات کیلئے نازل ہوئی۔پھر یہ ظاہر کیا کہ حق کو باطل سے امتیاز دینے کیلئے جیسے بارش کے بعد بیج پھُوٹ نکلتے ہیں اور پھر وہ اپنا اپنا اثر ظاہر کرتے ہیں۔:جسمانیات سے روحانیات کی طرف عبور کرو۔اور دیکھو کہ گوبر و لہو میں سے ہی دودھ ہے مگر وہ خدا کی بنائی ہوئی کَلْ کے سوا نکالنا دشوار ہے۔اسی طرح راست بازی دنیا میں موجود ہے مگر باطل سے الگ کر کے دکھانا خدا کا کام ہے۔(ضمیمہ اخبار بدر قادیان۱۰؍فروری۱۹۱۰ء) ۶۸۔ : جس طرح عقل سے انسان اپنے تئیں بعض نامناسب باتوں سے روک لیتا ہے۔اسی طرح وحیٔ ربّانی سے ہر قسم کی بدیوں اور نامناسب امور سے اپنے تئیں روکنے والا روک سکتا ہے۔(ضمیمہ اخبار بدر قادیان۱۰؍فروری۱۹۱۰ء)