حقائق الفرقان (جلد ۲)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 315 of 607

حقائق الفرقان (جلد ۲) — Page 315

بارہا یہ بات میرے دل میں پیدا ہوتی ہے اور جوش اٹھتا ہے کہ لوگ اس ارشادِ الہٰی پرکیوں عمل نہیں کرتے؟ تمہیں فخر ہے کہ قرآن فہمی ہم میں ہے مگر یہ فخر جائز اس وقت ہو گا کہ تم ایک بار اس قرآن کو دستور العمل بنانے کے واسطے سارا پڑھ لو۔لوگ مجھ سے پوچھا کرتے ہیں۔کہ قرآن شریف کیونکر آ سکتا ہے میں نے پڑھا اس کے متعلق بتایا ہے کہ اوّل تقوٰی اختیار کرو۔پھر مجاہدہ کرو اور پھر ایک بار خود قرآن شریف کو دستورالعمل بنانے کے واسطے پڑھ جاؤ۔جو مشکلات آئیں ان کو نوٹ کر لو۔پھر دوسری مرتبہ اپنے گھر والوں کو سناؤ۔اس وقت مشکلات باقی رہ جائیں ان کو نوٹ کرو۔اس کے بعد تیسری مرتبہ اپنے دوستوں کو سناؤ۔چوتھی مرتبہ غیروں کے ساتھ پڑھو۔میں یقین کرتا ہوں اور اپنے تجربے سے کہتا ہوں کہ پھر کوئی مشکل مقام نہ رہ جائے گا۔خدا تعالیٰ خود مدد کرے گا۔لیکن غرض ہو اپنی اصلاح اور خدا تعالیٰ کے دین کی تائید۔کوئی اور غرض درمیان نہ ہو۔بڑی ضرورت عمل درآمد کی ہے۔(الحکم ۱۰؍مارچ ۱۹۰۴ء صفحہ ۴) ۱۲۰۔