حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۶)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 323 of 620

حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۶) — Page 323

حقائق الفرقان ۳۲۳ سُوْرَةُ التَّكَاثُرِ روح کو کسی قدر اپنے اعمال کا مزہ چکھنے کے لئے جسم ملتا ہے وہ جسم اس جسم کی قسم میں سے نہیں ہوتا بلکہ ایک نور سے یا ایک تاریکی سے جیسا کہ اعمال کی صورت ہو جسم تیار ہوتا ہے گویا کہ اس عالم میں انسان کی عملی حالتیں جسم کا کام دیتی ہیں ایسا ہی خدا کے کلام میں بار بار ذکر آیا ہے کہ بعض جسم نورانی اور بعض جسم ظلمانی قرار دیئے ہیں جو اعمال کی روشنی یا اعمال کی ہی ظلمت سے طیار ہوتے ہیں۔اگر چہ یہ راز ایک نہایت دقیق راز ہے مگر غیر معقول نہیں۔انسان کامل ایسی زندگی میں ایک نورانی وجود اس کثیف جسم کے علاوہ پاسکتا ہے اور عالم مکاشفات میں اس کی بہت مثالیں ہیں اگر چہ ایسے آدمی کو سمجھانا مشکل ہوتا ہے جو صرف ایک موٹی عقل کی حد تک ٹھہرا ہوا ہے۔لیکن جن کو علم مکاشفات میں سے کچھ حصہ ہے وہ اس قسم کے جسم کو جو اعمال سے طیار ہوتا ہے تعجب اور استبعاد کی نگاہ سے نہیں دیکھیں گے بلکہ اس مضمون سے لذت اٹھائیں گے۔غرض یہ جسم جو اعمال کی کیفیت سے ملتا ہے یہی عالم برزخ میں نیک و بد کی جزا کا موجب ہوتا ہے۔میں اس میں صاحب تجربہ ہوں جو مجھے کشفی طور پر عین بیداری میں بارہا بعض مردوں کی ملاقات کا اتفاق ہوا ہے اور میں نے بعض فاسقوں اور گمراہی اختیار کرنے والوں کا جسم ایسا سیاہ دیکھا کہ گویاوہ دہوئیں سے بنایا گیا ہے۔غرض میں اس کو چہ سے ذاتی واقفیت رکھتا ہوں۔میں زور سے کہتا ہوں کہ جیسا کہ خدا تعالیٰ نے فرمایا ہے ایسا ضرور مرنے کے بعد ہی ہر ایک کو ایک جسم ملنا ہے خواہ نورانی ہو۔خواہ ظلمانی۔انسان کی یہ غلطی ہوگی کہ اگر وہ ان نہایت بار یک معارف کو صرف عقل کے ذریعہ سے ثابت کرنا چاہے ایک اور بات یہ بھی یادرکھنے کے لائق ہے کہ خدا نے ان لوگوں کو جو بدکاری اور گمراہی میں پڑ گئے اپنے کلام میں مردہ کے نام سے موسوم کیا ہے اور نیکو کاروں کوزندہ قرار دیا ہے اس میں بھید یہ ہے کہ جو لوگ خدا سے غافل مرے۔ان کی زندگی کے اسباب جو کھانا پینا اور شہوتوں کی پیروی تھی۔منقطع ہو گئے اور روحانی غذا میں ان کو کچھ حصہ نہ تھا۔پس وہ در حقیقت مر گئے۔وہ صرف عذاب اٹھانے کے لئے زندہ ہوں گے مگر جو لوگ خدا کے محب ہیں وہ موت سے نہیں مرتے۔کیونکہ ان کا پانی اور ان کی روٹی ان کے ساتھ ہوتی ہے۔خدا کی کتاب میں نیک و بد کی جزا کے لئے دو مقام