حقائق الفرقان (جلد ۱)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 93 of 581

حقائق الفرقان (جلد ۱) — Page 93

جب ان سے کہا جاتا ہے کہ زمین میں نفاق سے فساد نہ پھیلاؤ تو کہتے ہیں ہم تو طرفین میں اِصلاح کرنے والے ہیں۔سُنو! بے شک یہی لوگ مُفسد ہیں مگر وہ سمجھتے نہیں۔(ضمیمہ اخبار بدر قادیان ۱۱؍ فروری ۱۹۰۷ء) جب واعظ وعظ کرتا ہے اور بتاتا ہے کہ جو کام تم کرتے ہو اس کا نتیجہ خطرناک ہے۔تم دُنیا میں فساد نہ کرو تو وہ کہتے ہیں تو بہ! ہم فسادی ہیں؟ ہم تو بامسلماں اﷲ اﷲ بابرہمن رام رام کے اصل پر چل سب کے ساتھ اپنا تعلق رکھتے ہیں اور بڑی سنوار والے ہیں۔اﷲ فرماتا ہےکہ یہی بڑے مُفسد لوگ ہیں کہ دعوے زبان سے کچھ ہیں ہاتھ سے کچھ کرتے ہیں۔ایک نماز ایسی چیز ہے کہ کلمہ شہادت کے بعد کوئی عمل نماز کے برابر نہیں۔حضرت نبی کریمؐ نے فرمایا میرا جی چاہتا ہے کہ جب تکبیر ہو جائے تو مَیں دیکھوں کہ کون کون جماعت میں نہیں آیا اور ان کے گھر جَلا دوں۔مگر باوجود اس کے کئی لوگ جو نماز باجماعت نہیں پڑھتے تم ان میں سے نہ بنو۔منافق اصل میں بڑا مُفسد ہوتا ہے اس میں شعور نہیں ہوتا۔خدا تمہیں سمجھ دے جو مَیں نے کہا ہے اسے سمجھو۔(الفضل ۶؍اگست ۱۹۱۳ء صفحہ ۱۵)