حقائق الفرقان (جلد ۱)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 376 of 581

حقائق الفرقان (جلد ۱) — Page 376

۔اﷲ کے آدمی پر بڑے بڑے احسان ہیں۔پہلے ہم کو انسان پَیدا کیا۔اگر کُتّے اور سؤر بنا دیتا تو ہم کیا دخل دے سکتے تھے۔پھر چُوہڑے چمار بنا دیتا تو ہم کیا دخل دے سکتے۔پھر کمزور قوموں میں پیدا کر دیتا تو ہمارا کیا بس تھا۔پھر ماں کے پیٹ سے نکل کر ہم پاگل ہو جاتے یا اندھے یا بہرے یا گونگے یا اپاہج تو ہمارا کیا زور تھا۔دیکھو اس کا ہم پر کیسا فضل ہے کہ معدوم سے موجود کیا۔موجود ہوئے تو آدمی بنایا۔میرے ایک دوست ذلیل قوم سے تھے ان کو اِس بات کا رنج تھا۔وہ مجھے کہتے جب ہم وہ پیشہ چھوڑ چکے جو ذات کا موجب تھا تو پھر لوگ ہمیں کیوں حقارت سے دیکھتے ہیں۔مَیں نے کہا میرے نزدیک تمہارا ہی قصور ہے۔یہ لقب تمہارا کسی تمہاری مخفی بدکاری کا نتیجہ ہے جو اِس زمین میں تم لوگوں نے کی۔اگر تم اس لعنتی سر زمین کو چھوڑ کر سَو میل دُور چلے جاتے تو کم از کم لوگ تمہیں شیخ تو کہتے۔اِس پر وہ بولا کہ یہاں ہماری حویلیاں ہیں یہ ہے وہ ہے۔مَیں نے کہا معلوم ہوتا ہے کہ ابھی تمہیں ان بدکاریوں سے کچھ تعلق ہے۔یوسف علیہ السلام کے ساتھ اﷲ تعالیٰ کا پاک معاملہ تھا۔جس ملک میں وہ رہتا (تھا) ان کے لئے ترقّی کے سامان نہ تھے۔اﷲ نے انہیں ایک عجیب تدبیر سے مصرؔ پہنچایا۔وہاں جب پہنچے تو ان کی نیکی نیک نیّتی، عاقبت اندیشی، علم و دیانت، شجاعت ایسی تھی کہ مقربانِ بارگاہِ بادشاہی سے بنا دیا۔خدا تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ اَب بھی جو بچّہ ان خصلتوں کو لازم پکڑے گا ان مدارج کو پہنچے گا جن پر یوسف علیہ السلام پہنچایا گیا۔چنانچہ سُورۂ یوسف (آیت:۲۳) میں فرماتا ہے۔پس اِنہی حضرت یوسفؑ کے طفیل بنی اسرائیل مصرؔ میں آباد ہوئے۔مَیں نے بارہا بتایا ہے کہ جب خدا کے فضل سے کوئی قوم مالدار اور آسُودہ حال ہوتی ہے اور اسے عزّت ، مکان، اولاد ،صحت و عافیّت ، جتھا مِل جاتا ہے تو وہ خدا کو بھُلا دیتی ہے۔کبھی تو اس کے افراد علموں پر گھمنڈ کرتے ہیں چنانچہ ایک نے کہا (القصص:۷۹) ہم مولوی فاضل ہیں یا حکیم ہیں یا مدبّر ہیں اِس لئے ہم کو یہ کامیابی ہوئی اور کبھی مال و منال ،جاہ و جلال پر غرّہ کرتے ہیں۔جب قوم کی یہ حالت ہو جاتی ہے تو پھر اس کا تنزّل شروع ہو جاتا ہے پھر بعض کی تو قطع نسل ہو جاتی ہے اور وہ بالکل بے نام و نشان ہو جاتے ہیں اور بعض حاکم سے محکوم بن جاتے ہیں اور ان کا نام عزّت سے نہیں لیا جاتا۔بنی اسرائیل پر جب یہ زمانہ آیا تو وہ خدا کے احکام کو بھُول گئے اور خدا نے ان پر ذلّت و