حقائق الفرقان (جلد ۱) — Page 201
نیک تحریکیں کرتے رہیں۔اِس طرح تمام ملائکہ حتّٰی کہ ملائِ اعلیٰ میں اس کی نسبت ایک توجّہ پَیدا ہوتی ہے اور اس کا تعلق بڑھتے بڑھتے وہ زمانہ آتا ہے کہتَتَنَزَّلُ عَلَیْھِمُ الْمَلٰٓئِکَۃُ اَلَّا تَخَافُوْا وَلاَ تَحْزَنُوْا (حٰمٓ السّجدۃ:۳۱) یہ بالکل سچّی بات ہے جو مَیں نے کہی تم تجربہ کر کے دیکھ لو۔پھر احادیث سے معلوم ہے کہ تمام ملائکہ کا آفیسر جبرائیل امین ہے یعنی تمام محکمے نیکیوں کی تحریک کے جو قلب سے متعلق ہیں ان کا افسر جبرائیل ہے چنانچہ قرآن مجید میں عِنْدَذِی الْعَرْشِ مَکِیْنٍ مُّطَاعٍ ثَمَّ اَمِیْنٍ (التکویر:۲۱،۲۲)آیا ہے۔رسول کریم صلّی اﷲ علیہ وسلّم نے فرمایا اُوْتِیْتُ جَوَامِعَ الْکَلِمِمیری تعلیم تمام دُنیا کی پا ک تعلیموں کی جامع ہے کیونکہ تمام نیکیوں کی تحریکوں کے آفیسر کا تعلق میرے قلب سے ہے۔جامع کے یہ معنے ہیں کہ دُنیا میں کوئی ایسی صداقت ( جو قلبی اور رُوحانی ہو) نہ ہو گی جس کیلئے قرآن مجید سے کوئی آیت نہ ملے۔اﷲتعالیٰ فرماتا ہے کہ جبرائیل کا کوئی دشمن ہو سکتا ہے جبکہ وہی نیک تحریکوں کا سرچشمہ ہے۔اِسی نے نازل کیا ہے یہ قرآن تیرے قلب پر۔آئندہ جو ہو گا وہ دُنیا دیکھ لے گی مگر موجود ہ تعلیمات دُنیا میں جس قدر ہیں ان ساری پاک تعلیموں اور نیک تحریکوں کا عطر نکالو پھر محمد رسول اﷲ (صلی اﷲ علیہ وسلم) کی تعلیم سے مقابلہ کرو تو وہ سب کچھ اس میں موجود ہو گا اور مَیں (نورالدین) اِس بات کا گواہ ہوں کہ مَیں نے ساری بائیبل کو دیکھا ہے اور تین (سام،یجراور رگ) ویدوں کو خوب سُنا ہے پھر دساتیر کو بہت توجّہ سے پڑھا ہے اور برہموؤں کی کتابوں کو دیکھا یہی کتابیں میرے نزدیک رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم سے پہلے کی ہیں۔اِن سب میں کوئی ایسی صداقت نہیں جو قرآن مجید میں نہ ہو اور پھر ا تم نہ ہو۔مُصَدِّقًا لِّمَابَیْنَ یَدَیْہِ وَھُدًی وَّ بُشْرٰی لِلْمُؤْمِنِیْنَپھرفرماتا ہے کہ جو اگلی کتابوں میں سچ ہے اس کی تصدیق کرنے علاوہ اس میں اَور بھی کچھ ہدایتیںہیں جو پچھلی کتابوں میں نہیں۔ایک بات سُناتا ہوں۔اگلی کتابوں میں جو نصائح ہیں ان پر دلائل نہیں۔چنانچہ ان میں لکھا ہے خدا ایک ہے۔زمین و آسمان میں تیرے لئے کوئی دوسرا خدا نہ ہو۔پڑوسی کی مدد کر۔سبت منا۔مبارک وہ جو غریب دِل ہیں۔اِس قِسم کی تعلیمات ہیں مگر ان کے ساتھ دلائل کوئی نہیں مگر قرآن شریف میں یہ خاصہ ہے کہ ایک طرف دعوٰی ہے دوسری طرف اس کے دلائل بھی ساتھ دیئے ہیں۔