انوار القراٰن (جلد ۲)

by Hazrat Mirza Nasir Ahmad

Page iv of 640

انوار القراٰن (جلد ۲) — Page iv

سے منور کرنے میں ہمہ تن مشغول ہو جائے۔اے خدا ! تو اپنے فضل سے ایسا ہی کر کہ تیرے فضل کے بغیر ایسا ممکن نہیں۔اے زمین اور آسمان کے نور ! تو ایسے حالات پیدا کر دے کہ دنیا کا مشرق بھی اور دنیا کا مغرب بھی، دنیا کا جنوب بھی اور دنیا کا شمال بھی نور قرآن سے بھر جائے اور سب شیطانی اندھیرے ہمیشہ کے لئے دور ہو جائیں۔۔۔۔۔ہمیں ہمیشہ یہ دعا ئیں کرتے رہنا چاہیے کہ واقعتا اور حقیقتا خدا ہمیں اس بات کی توفیق دے کہ ہم قرآنی انوار میں ایسے گم ہو جائیں کہ سوائے انوار قرآنی کے ہمارے وجود میں اور کوئی چیز نظر نہ آئے۔آمین حضرت خلیفہ امسح الثالث نے اپنے خطبات اور خطابات میں متعدد مقامات پر قرآنی آیات کی تفسیر فرمائی جس میں قرآنی معارف کو پیش کیا۔حضرت خلیفتہ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایت پر قرآنی تفسیر کے یہ حصے یکجا کر کے ان کو کتابی صورت میں شائع کیا جا رہا ہے۔اس کی تین جلدیں ہیں اور دوسری جلد آپ کے ہاتھ میں ہے۔اللہ تعالیٰ جملہ احباب جماعت کو قرآن کریم کے معارف سے کما حقہ استفادہ کرنے کی توفیق دے اور اس اشاعت کے سلسلہ میں جن دوستوں کو کام کرنے کی توفیق ملی ان کو جزائے خیر دے اور ان کے علم میں برکت عطا فرمائے۔آمین