پردہ

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 51 of 222

پردہ — Page 51

پرده عورت کوشش کرتی ہے۔ان کی حرکات، ان کا کردار ظاہر وباہر ہوتا ہے، سامنے ہوتا ہے لیکن بعض عورتیں ایسی بھی ہیں جو غلط قسم کے لوگوں کے لئے کام کر رہی ہوتی ہیں اور گھروں میں جا کر پہلے بڑوں سے دوستی کرتی ہیں۔جب ماں سے اچھی طرح دوستی ہو جائے تو پھر بچیوں سے تعلق قائم کرنے کی کوشش کرتی ہیں اور آہستہ آہستہ بعض دفعہ برائیوں کی طرف ان کو لے جاتی ہیں۔تو ایسی عورتوں کے بارہ میں بھی یہ حکم ہے کہ ہر ایرے غیرے کو، ہر عورت کو اپنے گھروں میں نہ گھنے دو۔ان کے بارہ میں تحقیق کرلیا کرو، اس کے بعد قدم آگے بڑھاؤ۔حضرت مصلح موعودؓ نے لکھا ہے کہ یہ طریق ہوا کرتا تھا لیکن اب کم ہے ( کسی زمانے میں کم تھا لیکن آج کل پھر بعض جگہوں سے ایسی اطلاعیں آتی ہیں کہ پھر بعض جگہوں پر ایسے گروہ بن رہے ہیں جو اس قسم کی حرکات کرتے ہیں)۔خاص طور پر احمدی بچوں کو پاکستان میں بہت زیادہ احتیاط کرنی چاہئے بلکہ ماں باپ کو بھی احتیاط کرنی چاہئے کہ بعض دفعہ گھر یلو کام کے لئے ایک عورت گھر میں داخل ہوتی ہے اور اصل میں وہ ایجنٹ ہوتی ہے کسی کی اور اس طرح پھر آہستہ آہستہ ورغلا کر پہلے دوستی کے ذریعہ اور پھر دوسرے ذریعوں سے بچیوں کو غلط قسم کی عادتیں ڈال دیتی ہیں۔تو ایسے ملازمین یا ملازمائیں جو رکھی جاتی ہیں، ان سے احتیاط کرنی چاہئے اور بغیر تحقیق کے نہیں رکھنی چاہئیں۔اسی طرح اب اس طرح کا کام، بری عورتوں والا انٹرنیٹ نے بھی شروع کر دیا ہے۔جرمنی وغیرہ میں اور بعض دیگر ممالک میں ایسی شکایات پیدا ہوئی ہیں کہ بعض لوگوں کے گروہ بنے ہوئے ہیں جو آہستہ آہستہ پہلے علمی باتیں کر کے یا دوسری باتیں کر کے چارہ ڈالتے ہیں اور پھر دوستیاں پیدا ہوتی ہیں اور پھر غلط راستوں پرڈالنے کی کوشش کی جاتی ہے۔66 ( خطبہ جمعہ فرمودہ 30 جنوری 2004ء بمقام مسجد بیت الفتوح ، لندن۔مطبوعہ افضل انٹرنیشنل 9 اپریل 2004ء) 51