اوڑھنی والیوں کے لئے پُھول

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 95 of 452

اوڑھنی والیوں کے لئے پُھول — Page 95

95 فانی ہونے کی تصویر جب ایک لائق مصور کھینچ کر دکھائے گا تو طبیعت پر نقش ہو جاتا ہے۔شاعر جذبات اور کیفیات کو الفاظ میں دکھاتا ہے مگر مصور تصویر کھینچ کر اور بنا کر دکھا دیتا ہے۔تاریخ مصوری میں پھر وہی بات ہوگی کہ اس فن نے کس طرح پر ترقی کی مختلف قوموں میں یہ علم کس طرح جاری ہوا اور کیا کیا ایجادات اس میں ہوتی گئیں۔اس زمانہ میں تو اس فن نے اس قدر ترقی کی ہے کہ حیرت ہوتی ہے۔فلسفہ تصویر میں تصویر کی حقیقت اور قابیت کا بیان ہوگا۔(۲۹) انتیسواں علم علم اعکس ہے۔یہ بھی در اصل ایک قسم مصوری ہی کی ہے اس میں فوٹو لینا اور تاریخ فوٹوگرافی داخل ہے۔فوٹو لینے میں کن چیزوں کی ضرورت ہے، کس اصول پر فوٹو لیا جاتا ہے، کن اجزاء سے تصویر بنتی ہے تاریخ فوٹو گرافی میں بیان کیا جائے گا کہ کس طرح پر علم العکس پیدا ہوا اور کس طرح ترقی کرتا چلا گیا۔(۳۰) تیسواں علم صنعت ہے۔صنعت کا لفظ اپنے اندر بہت وسعت رکھتا ہے میں تفصیل بیان نہیں کر سکتا صرف نام لے دیتا ہوں۔لکڑی کی صنعت لو ہے، پیتل وغیرہ دھاتوں کی صنعت۔پھر یہ مختلف قسم کی صنعتیں ہیں اسی میں تاریخ صنعت بھی ضروری ہے۔علم لہو ولعب (۳۱) اکتیسواں علم لہو و لعب کا علم ہے۔ہمارے یہاں لہو ولعب کا لفظ بڑا سخت لفظ ہے اور لہو ولعب کو پسند نہیں کیا جاتا۔مگر میں نے بتا دیا ہے کہ بعض اوقات جہالت کو بھی علم کہتے ہیں۔انگریزوں کے ہاں اس علم کو میوزمنٹ کہتے ہیں یعنی وہ علم جس سے انسان کا دل خوش ہوتا ہے۔اسکی دو بڑی شاخیں ہیں۔اندرون خانہ مشاغل کہ گھر میں بیٹھ کر انسان اُن سے لطف اٹھاتا ہے۔دوسرے بیرون خانہ یعنی گھر سے باہر جا کر کیا کھیلیں۔اس علم میں اس پر بڑی بحث ہے کہ کس قسم کی کھیلیں انسانی اعضاء پر کس قسم کا اثر ڈالتی ہیں، ہاتھ پٹھے کس طرح مضبوط ہوتے ہیں ، دل، دماغ اور پھیپھڑوں پر کس قسم کا اثر ہوتا ہے۔ان دوا کے علاوہ ایک اور شاخ بھی اس علم کی ہے جو ہمارے تمدن میں علم نہیں سمجھا گیا مگر انگریزی تمدن میں وہ علم ہے اور وہ علم الرقص ہے۔اس علم کے ذریعہ جسم کے مختلف اعضاء پر ایک خاص اثر ڈالا جاتا ہے اور مختلف قسم کی حرکات کا انہیں عادی بنالیا جاتا ہے۔،